Photo Credit Social Media

لارڈز ٹیسٹ میں ضرورت سے زیادہ اعتماد انگلش ٹیم کو لے ڈوبا، نجم سیٹھی
29 مئی 2018 (14:15) 2018-05-29

لندن:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں میزبان انگلش ٹیم کو حد سے زیادہ پراعتمادی لے ڈو بی۔لندن میںمیڈیا سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں اوور کنفیڈنس تھی یہی وجہ ہے کہ اس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان نے توقعات سے بڑھ کر کھیل پیش کیا اور انگلش کمنٹیٹرز نے بھی ٹیم کی خوب تعریف کی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قومی ٹیم میں بہتری کی بنیادی وجہ سفارش کا خاتمہ اور کھلاڑیوں کا پاکستان سپر لیگ میں بین الاقوامی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع میسر آنا ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ قومی سلیکشن کمیٹی اور کوچز تگڑے ہیں جو کوئی سفارش قبول نہیں کرتے، ایک منصوبے کے تحت سب کو چلایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم سے بات ہوئی اور انہیں کہا کہ ہم دورہ انگلینڈ کے منتظر ہیں اور اس مقصد کے لیے آپ بھی ساتھ دیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم کو بتایا کہ فوج نے دہشت گردی کے خلاف ملک میں بہت کام کیا ہے جس کی وجہ سے ہوم کنڈیشنز بہتر ہوگئی ہیں یہی وجہ ہے کہ اپنے ملک میں کھیلنے کے لئے ٹیموں کو دعوت دے رہے ہیں۔


ای پیپر