اسد عمر نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے تمام صوبوں کو خط لکھ دیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
29 مارچ 2021 (23:50) 2021-03-29

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی)کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے تمام وفاقی اکائیوں کو خط لکھ دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اسد عمر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے جبکہ این سی او سی موجودہ حالات پر مکمل نظر رکھتے ہوئے وفاق کی تمام اکائیوں کیساتھ مشاورت بھی کر رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پہلی اور دوسری لہر کے دوران وفاق کی تمام اکائیوں نے بہتر کارکردگی دکھائی اور اس کے پھیلاؤ  کو روکنے کیلئے اقدامات کئے لیکن تیسری لہر میں کورونا ایس او پیزپر عمل درآمد کمزور ہے۔

وفاقی وزیر نے خط میں کہا کہ مطابق این سی او سی کے فیصلوں کی سیاسی اور سماجی اجتماعات میں خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئی ہیں جو دیگر شعبوں میں بھی ایس او پیز کے موثر نفاذ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی ہدایات پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنائیں، بالخصوص عوامی اجتماعات سے متعلق ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے کیونکہ ہم ٹھوس اقدامات اور اجتماعی کاوشوں سے وباءکے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

(بشکریہ: نیو نیوز)


ای پیپر