کورونا وائرس کا پھیلاؤ، خیبرپختونخواہ کے مزید 6 اضلاع میں سکول بند کرنے کا فیصلہ
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
29 مارچ 2021 (20:19) 2021-03-29

پشاور: محکمہ تعلیم خیبرپختونخواہ نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے پیش نظر مزید 6 اضلاع میں سکول بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کا کہنا ہے کہ نئے بند ہونے والے اضلاع میں قبائلی ضلع خیبر، شانگلہ، باجوڑ، ایبٹ آباد، دیر اپر اور ہری پور شامل ہیں اور مذکورہ اضلاع میں کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پہلے سے نوٹیفائیڈ 10 اضلاع کیساتھ ساتھ مزید 6 اضلاع میں تعلیمی سرگرمیاں 11 اپریل تک بند رہیں گی، جن جن اضلاع میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوگا وہاں کی تعلیمی سرگرمیاں بند کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پہلے ہی صوبے کے کورونا سے متاثرہ 9 اضلاع میں تعلیمی ادارے 16 مارچ سے 11 اپریل تک بند ہیں، ان علاقوں میں پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی، مالاکنڈ، سوات، نوشہرہ، دیر لوئر اور بونیر شامل ہیں۔

(بشکریہ: نیو نیوز)


ای پیپر