Dr Yasmin Rashid,Global pandemic, deadly virus, Pakistan, NCOC, lockdown
29 مارچ 2021 (20:10) 2021-03-29

لاہور :عالمی وبا کی بگڑتی صورتحال میں عوام کیلئے اچھی خبر آگئی ،وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدکا کہنا ہے کہ چین 10 لاکھ کنسائنو،سائنوفارم ویکسین مزیدبھیج رہاہے،پنجاب حکومت نے ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور اگلے دوروز میں بزرگوں کو گھروں میں جا کر ویکیسن لگائینگے ۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہیلتھ ورکرز کو پہلے ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو چکا ہے ،چین عالمی وبا کی اس مشکل صورتحال میں پاکستان کا بڑھ چڑھ کر ساتھ دے رہا ہے ،دنیا بھر میں چینی ویکسین کی تعریف کی جا رہی ہے ،چین 10 لاکھ کنسائنو،سائنوفارم ویکسین مزیدبھیج رہاہے،اگلےماہ 30 لاکھ کنسائنوویکسین بھی مل جائےگی۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا کے 12 فیصد علاقوں میں ہر قسم کی پابندی لگادی ہے ،عوام عالمی وبا سے بچنے کیلئے حکومت کے بتائے گئے ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کریں ،انہوں نے کہا عالمی وبا کی تیسری لہر میں فی الوقت ہرقسم کی تفریح گاہوں پرپابندی لگادی گئی ہے۔

واضح رہے اس سے قبل کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا وائرس کے اجلاس میں کورونا کی روک تھام کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں،کیبنٹ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ معاشی سرگرمیاں بند کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔12 فیصد سے زائد مثبت کیس والے اضلاع میں موثر لاک ڈاؤن لگادیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن یکم سے 11 اپریل تک لگایا گیا ہے ۔

نئے لاک ڈائو ن میں ، تمام پارکس، تفریحی مقامات، سماجی اجتماعات پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے، ہوٹل اور ریسٹورنٹس میں ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہوگی، صرف ٹیک آوے کی اجازت ہو گی۔پنجاب کے بڑے شہروں میں موثر لاک ڈاؤن کی اجازت دیدی گئی ہے ۔

کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ  چاہتے ہیں معیشت کا پہیہ چلتا رہے اور لوگوں کو صحت مند رکھا جائے ۔ عوام کی حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا پڑے تو ضرور کریں گے،چاہتے ہیں کورونا کے دوران عوام کو کم سے کم تکلیف ہو۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ۔ ماسک نہ پہننے سے جن لوگوں کیخلاف پرچے ہوئے ہیں اس معاملے کو آئی جی پنجاب دیکھیں گے۔ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ 


ای پیپر