Usman Buzdar Big Statement about Global Epedimic
29 مارچ 2021 (15:24) 2021-03-29

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے زیر صدارت ہونے والے کورونا اجلاس میں شادیوں کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے سے متعلق فیصلے کی توثیق کر دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں اور کورونا کی شدت کے پیش نظر سخت اقدامات کی توثیق کی گئی،کابینہ کمیٹی نے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمدکرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کی منظوری دیدی جس کے بعد صوبے بھر میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں عالمی وبا سے متاثر افراد کی شرح 12 فیصد سے زائد ہو گئی وہاں مکمل طور پر لاک ڈائون کر دیا جائیگا ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈائون اور سمارٹ لاک ڈائون یکم اپریل سے 11 اپریل تک جاری رہے گا لیکن اس سے قبل کابینہ کمیٹی 7 روز کے اندر ہی صورتحال کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریگی تاکہ 11 اپریل کے بعد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جا سکے ۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے معاشی سرگرمیوں پر کسی قسم کی پابندی نہی لگائی جارہی، تعمیراتی صنعت، اشیا کی صنعت، ٹرانسپورٹ وغیرہ معمول کے مطابق ایس او پیز کے تحت اپنا کام جاری رکھیں گے صوبے میں یکم اپریل سے شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی عائدی ہوگی، میرج ہالز بند ہوں گے، ان ڈور اور آؤٹ ڈور کسی قسم کی تقریبات کی اجازت نہیں ہوگی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ما س ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر بند کر رہے ہیں جن میں میٹر و ،اورنج ٹرین اور سپیڈو وغیرہ شامل ہیں ،تمام اقسام کے ریسٹورنٹس، ہوٹلوں پر ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی تاہم کھانا خرید کر لے جانے یا گھر پر منگوانے کی اجازت ہوگی اسپورٹس، ثقافتی سرگرمیاں، سماجی تقریبات پر پابندی برقرار رہے گی. پارکس بند رکھے جائیں گے، کاروباری سرگرمیاں شام 6 بجے تک جاری رکھنے کی اجازت ہوگی ۔


ای پیپر