Corona disease is a reality, people should be careful: Sindh government spokesman
کیپشن:   فائل فوٹو
29 مارچ 2021 (12:40) 2021-03-29

کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہر طرح کی ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ یہ مرض ایک حقیقت ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ میں 4 اپریل تک انسداد پولیو مہم جاری رہے گی، صوبے میں 9.4 ملین بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہکراچی میں 22 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔گزشتہ سال جولائی سے اب تک پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کورونا ایک حقیقت ہے ،عوام احتیاط کریں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب ریاست کا ساتھ دیں۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب وفاقی وزرا اور وزیراعظم ماسک نہ پہنیں تو کیا پیغام جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اب 13 ماہ بعد کورونا سے محفوظ رہنے کا کہہ رہے ہیں۔ خان صاحب خود تکلیف سے گزرے تو لوگوں کو تلقین کر رہے ہیں۔ ہم کہتے تھے سماجی فاصلے رکھیں تو ہمارا مذاق اڑایا جاتا تھا۔ کہتے تھے سندھ حکومت معیشت کا نقصان کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سختی کے عالم یہ ہے سندھ کے وزرا وہاں شادیاں اٹینڈ کر رہے ہیں، اس کے علاوہ اسلام آباد میں بھی بڑی شادیاں ہو رہی ہیں۔ صوبہ سندھ میں ہم ایسی سختی نہیں کر سکتے۔ اگر ہم سختی کرتے ہیں تو یہ سازشیں شروع کر دیتے ہیں۔

ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا کہ گزشتہ روز 9800 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں مثبت کیسوں کی شرح صرف 3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اگر کوئی شخص ٹیسٹ کرانا چاہتا ہے تو ہمارے لوگ ان کے گھر پر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ غلط پروپیگنڈے کرکے لوگوں کو بتایا گیا کورونا عام سا فلو ہے۔ وزیراعظم کورونا سے پہلے باغ میں میٹنگ کرتے تھے۔ جب انھیں کورونا ہو گیا تو بند کمرے میں میٹنگ کی۔ جب عام آدمی انہیں اس طرح میٹنگز کرتے ہوئے دیکھے گا تو وہ کیسے رکے گا؟ ہمیں عوام کو مثبت پیغام دینے کی ضرورت ہے۔ لوگوں کو اپنے کردار کے عمل سے آگاہ کرکے ہی کورونا سے بچایا جا سکتا ہے۔


ای پیپر