News of meeting with Indian counterpart, Shah Mehmood Qureshi denied
کیپشن:   فائل فوٹو
29 مارچ 2021 (11:48) 2021-03-29

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ تاجکستان کے موقع پر اپنے بھارتی ہم منصب کیساتھ ملاقات کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے آج تاجکستان روانہ ہو رہے ہیں، خبریں زیر گردش تھیں کہ ان کی اس موقع پر اپنے انڈین ہم منصب کیساتھ ملاقات بھی ہوگی۔

تاہم اب ان کی جانب سے جاری تردیدی بیان میں وضاحت کر دی گئی ہے کہ ابھی تک ایسی کوئی متوقع ملاقات کو شیڈول نہیں کیا گیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نہ تو ایسی کوئی درخواست ہی کی گئی ہے اور نہ ہی بھارتی ہم منصب کیساتھ کوئی ملاقات کو طے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دوشنبے میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھرپور شرکت کرکے اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر اپنے شراکت داروں سے بات چیت کرینگے۔

خیال رہے کہ اس اہم کانفرنس میں انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی شرکت کر رہے ہیں۔ اسی وجہ سے میڈیا میں چہ مگوئیاں تھیں کہ شاہ محمود قریشی کی سائیڈ لائنز پر دیگر رہنماؤں کیساتھ ساتھ اپنے بھارتی ہم منصب کیساتھ بھی ملاقات ہو جائے۔

یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ آخری ملاقات بشکیک میں 2019ء میں ہوئی تھی، اس وقت یہ عہدہ آنجہانی سشما سوراج کے پاس تھا، دونوں رہنما شنگھائی تعاون تنظیم کے اہم اجلاس میں شریک تھے۔

تاہم کچھ عرصہ بعد ہی بھارت نے 5 اگست 2019ء کا اقدام اٹھا کر ایسی غلطی کی جس سے دونوں ملکوں کے روابط ٹوٹ گئے، اس کے بعد سے کے کر اب تک دونوں ممالک کا سفارتی سطح پر کوئی رابطہ نہیں ہے۔


ای پیپر