اسلام آباد ہائیکورٹ نے فاروق ستار کو پارٹی عہدے پر بحال کردیا
29 مارچ 2018 (12:49)

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستارکی کنوینر شپ ختم کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کر تے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا،کیس کی مزید سماعت 11 اپریل کو ہوگی ۔


تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ایم کیوایم کی کنوینرشپ سے ہٹانے سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔سماعت کے دوران فاروق ستار کے وکیل بابر ستار ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کو پارٹی کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں جبکہ الیکشن کمیشن میں ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کے نام سے رجسٹرڈ پارٹی ہے۔


بابر ستار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کسی دوسرے شخص کی پارٹی سربراہی کے دعوے پر الیکشن کمیشن کو سماعت کا اختیار نہیں، پارٹی سربراہی کا دعوی کرنے والا شخص سول عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کہے تو دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کو تیار ہیں۔سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے فاروق ستار کو کنوینر شپ سے ہٹانے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا اور الیکشن کمیشن، خالد مقبول صدیقی اور کنور نوید جمیل سے 11 اپریل تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔


واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کنور نوید جمیل اورخالد مقبول صدیقی کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے فاروق ستار کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی کنوینئرشپ سے ہٹا دیا تھا۔ فیصلے کی رو سے ایم کیو ایم بہادرآباد ہی اب ایم کیو ایم پاکستان ہوگی اورفاروق ستار کی سربراہی میں چلنے والی ایم کیو ایم پی آئی بی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی۔


ای پیپر