الیکشن کمیشن نے اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت معطل کردی
کیپشن:   Source : Yahoo سورس:   
29 جون 2018 (23:00) 2018-06-29

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ن لیگ کے رہنماء سینیٹر اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت معطل کردی،، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت معطل کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اسحا ق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت معطل کردی ہے۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر اسحاق ڈار کی رکنیت معطل کرکے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ اسحاق ڈار کواتوار کے روز لندن میں پاکستانی میڈیا نے گھیرلیا تھا۔۔ اسحاق ڈار سے سوال کیا گیا کہ آپ بیماری کا بہانہ کرکے یہاں بیٹھے ہوئے ہیں آپ کوپاکستان جانا چاہیے۔ جس پرسابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے جواب دیا کہ میں ڈاکٹر کی ہدایت پرعمل کروں یا آپ لوگوں کی بات مانوں؟ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میں نے آج صبح ہی اپنی تمام میڈیکل رپورٹس عدالت کو بھجوائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جانے کا فیصلہ ڈاکٹروں کی رائے کے بعد کروں گا۔ واضح رہے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار لندن میں زیرعلاج ہیں۔ اسحاق ڈار لندن میں دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ جبکہ نواز شریف کی پاناما کیس میں نااہلی کے بعد احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنس بھی دائر ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور ان کی صاحبزادی بھی لندن میں مقیم ہیں۔

نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا لندن میں کینسر کا علاج چل رہا ہے۔ کلثوم نواز تشویشناک حالت میں لندن ہسپتال میں داخل ہیں۔ انہیں گزشتہ کئی دنوں سے وینٹی لیٹر پر ہی رکھا گیا ہے۔ نوازشریف کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کی عیادت کے لیے ان کووقت دے رہے ہیں۔ جس کے باعث وہ انتخابی مہم میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔


ای پیپر