Source : Yahoo

توہین عدالت کیس: احسن اقبال نے غیر مشروط معافی مانگ لی
29 جون 2018 (16:14) 2018-06-29

لاہور: توہین عدالت کیس میں مسلم لیگ(ن)کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی جبکہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہناتھا کہ ہمیں عمران خان سے دشمنی کی ضرورت نہیں25جولائی کو پی ٹی آئی کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی، تحریک انصاف ( ق) لیگ، پیپلزپارٹی کے لوٹوں کا ملغوبہ ہے، عمران خان سیاست میں آج بھی اناڑی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ نے سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں احسن اقبال عدالت میں پیش ہوئے۔ احسن اقبال کی جانب سے عدالت میں تفصیلی جواب جمع کرایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ کل سپریم کورٹ نے ایک شخص کو نا اہل کیا، وہ سپریم کورٹ کے باہر کہہ رہا تھا کہ میں نے کبھی معافی نہیں مانگی لیکن میں عدلیہ کی عزت کرتا ہوں۔جسٹس مظاہر اکبر نے احسن اقبال سے مکالمہ کیا کہ آپ کے تحریری جواب میں معافی کے لیے وہ الفاظ نہیں جو قانونی طور پر ہونے چاہئیں۔

اس پر احسن اقبال نے کہا کہ میں موت کے منہ سے آیا ہوں، میرے لیے عہدے حیثیت نہیں رکھتے اورعدلیہ کی عزت کرتا ہوںعدالت سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔ عدالت نے سماعت پیر تک ملتوی کرتے جواب طلب کر لیا۔پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی انتخابی مہم عوام چلارہے ہیں، لیگی حکومت سے پہلے ملک میں بجلی نہیں تھی تاہم عوام اب شکر کرتے ہیں کہ رات کو بجلی آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ (ن)لیگ کے خلاف یکطرفہ کارروائیاں ہورہی ہیں، عوام کی ہمدردیاں مسلم لیگ (ن)کے پلڑے میں آرہی ہیں جب کہ ملک کو ترقی دینے والے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو(ن)لیگ 2013 سے بڑی کامیابی حاصل کرے گی اور 25 جولائی کو عمران خان کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہمیں عمران خان سے دشمنی کی ضرورت نہیں، 25 جولائی کو عوام خود انہیں مسترد کر دیں گے ۔ عمران خان کے یوٹرن لینا ان کی سنجیدگی کا اظہار ہے، جب فیصلے کرلیے جائیں تو یوٹرن نہیں لیے جاتے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا پی ٹی آئی اس وقت ق لیگ، پیپلزپارٹی کے لوٹوں کا ملغوبہ ہے، عمران خان سیاست میں آج بھی اناڑی ہیں۔


ای پیپر