فوٹو بشکریہ فیس بک

مون سون بارشوں کا زور منگل تک برقرار رہے گا: محکمہ موسمیات
29 جولائی 2019 (12:29) 2019-07-29

لاہور: ملک بھر میں مون سون بارشیں، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر شہروں میں کالی گھٹائیں برس پڑیں۔

مون سون نے سندھ میں پانی پانی کر دیا۔ نوابشاہ، جیکب آباد، مٹھی، ٹھٹھہ، حیدرآباد میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی کی آنکھ مچولی جاری۔ مختلف علاقوں میں چھتیں، دیواریں گرنے اور دریا میں ڈوبنے سے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔

ادھر پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش سے لینڈ سلائیڈنگ، دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلاب کی صورتحال ہے۔ مون سون بارشوں کا زور منگل تک برقرار رہے گا۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفےسے بارش جاری۔ سرگودھا، فیصل آباد اور شیخوپورہ میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے تین افراد جاں بحق، ڈیرہ غازی خان کے قریب دریائے سندھ میں چار افراد ڈوب گئے، دو کو زندہ نکال لیا گیا، ایک خاتون کی لاش برآمد، دوسری کی تلاش جاری ہے۔

بلوچستان قلعہ سیف اللہ میں بارش کا سلسلہ شروع، قلات، مکران، سبی، نصیر آباد اور ژوب میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی۔

دوسری جانب موسلادھار بارشوں سے دریاوں اور ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال، سیلاب کا خطرہ سروں پر منڈلانے لگا۔


ای پیپر