نیب نے خواجہ آصف کو گرفتار کر لیا
29 دسمبر 2020 (20:05) 2020-12-29

اسلام آباد: نیب نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کو گرفتار کرلیا ہے انہیں آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان نیب نے خواجہ آصف کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نیب  لاہور نے اثاثہ جات کیس میں اسلام آباد سے گرفتار کیا ہے ۔ خواجہ آصف کو طلب کیا تھا لیکن وہ ثبوت  نہ دے سکے ۔ خواجہ آصف  کے پاس 2004 سے 2008 تک غیر ملکی اقامہ رہا ۔ 

خواجہ آصف نے بطور کنسلٹنٹ لیگل ایڈوائزر کے 13 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول کیے ۔ خواجہ آصف کو لی گئی تنخواہ سمیت دیگر تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی ۔ خواجہ آصف کو اقامہ ایگریمنٹ بھی نیب کو جمع کروانے کا کہا گیا۔ خواجہ آصف دوران تفتیش مسلسل عدم تعاون کرتے رہے ۔ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ 

خواجہ آصف کو کل احتساب عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لیا جائے گا۔ مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے خواجہ آصف کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف کو اسلام آباد میں احسن اقبال کے گھر کے باہر سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مسلم لیگ (ن) کے مشاورتی اجلاس کے بعد وہاں  سے نکل رہے تھے ۔ 

یاد رہے مسلم لیگ(ن) کا احسن اقبال  کے گھر میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پی ڈی ایم کے آئندہ کے ایجنڈے کے حوالے سے ن لیگ کے لائحہ عمل پر غور وفکر کیا گیا۔ خواجہ آصف کو رات پونے آٹھ بجے کے قریب گرفتار کیا ۔ خواجہ آصف پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔


ای پیپر