PDM, Long March, political jalsa, PTI government, Shah Mahmood Qureshi
29 دسمبر 2020 (14:32) 2020-12-29

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے احتجاج، لانگ مارچ اور جلسوں سے حکومت نہیں جائے گی ، ان کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کا ہوا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم کو عوام کا اعتماد حاصل ہے ، وہ پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے؟ پی ڈی ایم کو آج کہتا ہوں وزیر اعظم 31 جنوری کو مستعفی نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے 31 جنوری کا انتظار کیوں کرتے ہیں انہیں جو فیصلہ کرنا ہے ابھی کرلیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن نے حکومت کو دباؤ میں لانے کیلئے جو بیانیہ تشکیل دیا تھا وہ دم توڑ چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا بیان، میرا بیان اور وزارت خارجہ کے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے ، سوچنے کی بات یہ ہے کہ انہیں اس کی ضرورت کیوں پیش آئی ، اپوزیشن دراصل عوام کو دھوکا دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح اور دو ٹوک ہے۔ پاکستان اس پر کل بھی قائم تھا اور آج بھی قائم ہے۔ اب تو اسرائیل نے بھی وضاحت کر دی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مولانا اجمل قادری کا بیان تہلکہ خیز اور وضاحت طلب ہے ، ن لیگ کی قیادت کو بتانا ہوگا کہ مولانا اجمل قادری کس ایجنڈے پر اور کیا پیغام لے کر اسرائیل گئے؟ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں ، سعودی عرب نے نیامے ڈیکلریشن میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا ایک بہت بڑا وفد جلد پاکستان آ رہا ہے ، وفد میں وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات شامل ہوں گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب سے تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ بھارت اپنی اندرونی خراب صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے۔ بھارت دہشت گردوں کی تربیت اور کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا ہے۔ بھارت پاکستان کیخلاف اپنی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای یو ڈس انفولیب نے بھارت کے گھناؤنے عزائم کو مزید بے نقاب کر دیا ہے۔


ای پیپر