Ertugrul Ghazi actor, Engin Altan, Kashif Zameer, Embassy, Pakistan, Ankara
29 دسمبر 2020 (11:29) 2020-12-29

انقرہ: ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کے مرکزی کردار اینگن التان کو پاکستان آنے کا معاوضہ نہ ملا ، جس پر ترک اداکار نے اپنے میزبان کاشف ضمیر کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اینگن التان کی ٹیم نے استنبول میں پاکستانی قونصل خانے سے رابطہ کیا ہے اور قونصل جنرل بلال پاشا سے ملاقات کا وقت مانگا ہے تاکہ وہ کاشف ضمیر کے خلاف تحریری رپورٹ جمع کرا سکیں۔

یاد رہے کہ کاشف ضمیر نے اینگن التان سے ایک ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا جس میں سے آدھی رقم کے طور پر نو کروڑ بائیس لاکھ بیس ہزار روپے کا چیک دیا لیکن وہ ابھی تک کیش نہیں ہو پایا ہے۔

خیال رہے کہ ترک اداکار اینگن التان کو پاکستان بلانے والا شخص کاشف ضمیر متعدد مقدمات میں نامزد ہے ، اسے پولیس کی جانب سے گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ ملزم کاشف ضمیر کے خلاف ڈکیتی ، کار چوری ، امانت میں خیانت اور فراڈ کے کم و بیش 8 مقدمات درج ہیں۔

اس سے قبل خبریں تھیں کہ کاشف ضمیر نے ترک اداکار اینگن التان کو جو چیک دیا وہ بھی جعلی تھا۔ انہوں نے ترکی میں چیک کیش کرانے کی کوشش کی لیکن اس میں کوئی رقم ہی موجود نہیں تھی۔

ملزم کاشف ضمیر کی اس گھناؤنی حرکت کی وجہ سے پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہو رہی ہے۔ پاکستان کے دوست ملک ترکی کے اداکار اینگن التان جو پاکستان کے مہمان بن کر آئے ان کے ذہن میں پاکستان کا بہت غلط تاثر گیا ہے۔

اس سے قبل اینگن التان نے اسلام آباد کی ایک سوسائٹی کے ساتھ بھی معاہدہ کیا تھا لیکن بعد ازاں انہوں نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ اب دوسری بار انہیں ملزم کاشف ضمیر نے پاکستان بلا کر ناصرف ان کی بلکہ اپنے ملک کی توہین کرنے کی کوشش کی ہے۔


ای پیپر