Smart lockdown, Lahore, second wave, pandemic, NCOC
29 دسمبر 2020 (10:22) 2020-12-29

لاہور : صوبہ پنجاب کے دارلحکومت میں عالمی وبا کے ٹیسٹ مثبت آنے والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤں نافذ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر 33 مزید علاقے 10 جنوری تک سیل رہیں گے۔ ان علاقوں میں علامہ اقبال ٹاؤن ، ڈی ایچ اے فیز 8 اور داتا گنج بخش ٹاؤن بھی شامل ہوں گے۔

حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق زیادہ کیسز والے علاقوں کو 10 جنوری تک سیل کیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ اور دفاتر بند رہیں گے ، ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی ، علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہو گی ، انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کر سکے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل سروسز ، میڈیکل سٹور ، ہسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہے گے۔ اس کے علاوہ ملک شاپس اور بیکریاں صبح 7 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کے جان لیوا وار جاری ہیں اور ملک بھر میں مزید 63 مریض وبا سے جان گنوا بیٹھے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 9 ہزار 992 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ایک ہزار 776 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 30 ہزار 666 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

ملک بھر میں 4 لاکھ 75 ہزار 85 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 4 لاکھ 25 ہزار 494 مریض مہلک وبا کو شکست دے کر صحت یاب ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر عالمی وبا سے صحت یاب ہو گئے ہیں، انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کر دی ہے۔


ای پیپر