اپوزیشن والے استعفے دینے اسمبلی آئیں، واپسی کا کرایہ ہم دیں گے: فردوس عاشق اعوان
29 دسمبر 2020 (00:53) 2020-12-29

لاہور :   پاپڑ اور فالودے والوں کے جعلی اکاؤنٹ بنا کر ملک لوٹنے والوں کے لئے  وزیراعظم عمران خان کا پاکستان اور عوام سے جڑا مضبوط رشتہ سوہان روح بن چکاہے۔ مایوسیوں کے اندھیروں میں بھٹکتی راجکماری اور شہزادہ اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے کپتان پر لاحاصل تنقید کررہے ہیں۔

 معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ گڑھی خدابخش میں دفن بھٹو اور بی بی کی روحوں کو تڑپانے کے بعد راجکماری اور شہزادے کی بے حسی دیکھنے کے قابل تھی۔ جنہوں نے بھٹو خاندان کو ساری عمر غدار کہا انہوں نے بھٹو زندہ ہے کے نعرے لگائے اور شرمندہ بھی نہ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ  پیٹ پھاڑ کر حرام کی دولت نکالنے کے دعویدار پیپلزپارٹی کے کرپشن کے بے تاج بادشاہ کو اپنا آقا تسلیم کرچکے ہیں۔مریم نواز نے بے نظیر شہید کی برسی کے افسردہ ماحول کا تقدس اپنے قہقہوں سے پامال کیا۔ بلاول زرداری جتنا بھی چیخے اربوں کی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ استعفوں کی تاریخ پہ تاریخ دینے والے خود بھولی بسری تاریخ بننے جا رہے ہیں۔مریم نواز استعفوں کا ڈرامہ بند کریں،حکومت ن لیگی اراکین کی جانب سے اسمبلی میں پیش ہو کر ہاتھ سے لکھے استعفے جمع کروانے کی منتظر ہے ۔ ن لیگ کے ارکان اسمبلی استعفے دینے کیلئے قومی اسمبلی آئیں ، اسلام آباد سے واپسی کا کرایہ حکومت  دے گی۔  

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام مریم صفدر،بلاول زردار ی اور مولانا کی چال بازیوں سے واقف ہیں۔ جعلی راجکماری گڑھی خدا بخش میں بھی اقتدار سے دوری کا اپنا ہی رونا روتی رہی۔ مریم نواز لوٹی ہوئی دولت کو جاتا دیکھ کر حواس باختہ ہو چکی ہیں۔


ای پیپر