لاہور میں 4لاکھ سے زائد ای چالان جاری ہوئے
29 دسمبر 2018 (20:06) 2018-12-29

لاہور : لاہور میں تین ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 4لاکھ سے زائد ای چالان جاری ہوئے ، ای چالان کی مد میں55 ملین سے زائد جرمانہ قومی خزانے میں جمع ہوئے ، ون وے اور لین کی خلاف ورزی پر دس ہزار سے زائد ای چالان گھروں میں بھجوائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے لاہور میں ای چالان پراجیکٹ کے اعداد و شمار جاری کردیے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 4لاکھ سے زائد ای چالان جاری ہوئے اور ای چالان کی مد میں55 ملین سے زائد جرمانہ قومی خزانے میں جمع ہوا۔پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ریڈسگنل کی خلاف ورزی پر ساڑھے تین لاکھ سے زائد چالان کیے گئے،اوورسپیڈنگ پرایک ماہ میں 50 ہزار سے زائد چالان بھجوائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ون وے اور لین کی خلاف ورزی پر دس ہزار سے زائد ای چالان گھروں میں بھجوائے گئے۔پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق الیکٹرانک چالان نادہندگان کے خلاف بھی مختلف آپریشن کیے گئے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے چالان جمع نہ کروانے والی 147 گاڑیاں پکڑی گئیں۔نادہندگان نے پکڑے جانے پر1987 چالانوں کی مد میں دس لاکھ روپے سے زائد جرمانہ ادا کیا۔


ای پیپر