صدارتی الیکشن میں پی ٹی آئی بھی مجھے ووٹ دیگی : اعتزاز احسن
29 اگست 2018 (15:09) 2018-08-29

اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور صدارتی امیدوار اعتزار احسن نے کہا ہے کہ الیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے، صدارتی الیکشن میں پارٹی کا نہیں، ضمیر کا ووٹ ہوتا ہے، پی ٹی آئی کے کئی لوگ ہمیں ووٹ کاسٹ کریں گے۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے صدر کیلئے نامزد امیدوار اعتزاز احسن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی امیدوار کے لیے میرا نام ہونا میری پارٹی کا احسان ہے ، میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کا شکرگزار ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ا لیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے، صدارتی الیکشن میں پارٹی کا نہیں، ضمیر کا ووٹ ہوتا ہے، پی ٹی آئی کے کئی لوگ ہمیں ووٹ کاسٹ کریں گے، جے یو آئی کے کئی ساتھی بھی پی پی کو ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ میری نامزدگی میری جماعت کا فیصلہ ہے، کونسا صدارتی امیدوار موزوں ہے اور کون نہیں اسکا فیصلہ ووٹر کریگا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے اراکین اسمبلی کو پارٹی کے حق میں ووٹ دینے کا پابند کرتا ہے اور یہ وقت انصاف کا ہے، پی ٹی آئی کو امیدواروں کے درمیان بھی انصاف کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا رویہ بہت لچکدار ہے، ن لیگ نے ایازصادق یا راجا ظفرالحق جیسا امیدوار نامزد کیا ہوتا تو ہم سوچنے پر مجبور ہو جاتے، تمام سیاسی جماعتوں سے ہمیں ووٹ کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ذاتی دوست ہیں، ان کا احترام کرتاہوں، امید ہے کہ وہ میرے حق میں صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہوجائیں گے۔


ای پیپر