فوٹوبشکریہ فیس بک

صدارتی امیدوار عارف علوی، اعتزاز احسن اور مولانا فضل کے کاغذات نامزدگی منظور
29 اگست 2018 (12:19) 2018-08-29

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کے لئے ڈاکٹر عارف علوی، اعتزاز احسن ، مولانا فضل الرحمن اور امیر مقام کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے بطور ریٹرننگ افسر صدارتی امیدواروں کے کاغذات کی سکروٹنی کی۔ عمران احمد، میر افضل، ہلال رحمان، امجد آفریدی، محمد اشفاق کے صدارتی امیدوار کے لئے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے۔ عمران احمد کے تائید اور تجویز کندگان پیش نہ ہونے پر کاغذات مسترد کئے گئے۔

یاد رہے الیکشن کمیشن نے 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان الطاف احمد خان کے مطابق پولنگ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد، پنجاب اسمبلی لاہور، سندھ اسمبلی کراچی، خیبرپختونخوا اسمبلی پشاور اور بلوچستان اسمبلی کوئٹہ سمیت 5 مقامات پر ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے کہا کہ صدر الیکٹورل کالج کے ذریعے خفیہ رائے شماری کے تحت منتخب ہونگے جو قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل ہے۔ کنور دلشاد نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد صدر کے یکطرفہ طور پر پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے اختیارات ختم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک معمول کا عمل ہے کہ صدر ہمیشہ حکمران جماعت سے ہوتا ہے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 


ای پیپر