فوٹوبشکریہ فیس بک

آرمی چیف کا سپاہی مقبول حسین کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت
29 اگست 2018 (09:05) 2018-08-29

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سپاہی مقبول حسین کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت ، مرحوم کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی۔

1965ء کی جنگ کے غازی اور کئی سالوں تک بھارتی قید میں صعوبتیں برداشت کرنے والے پاک فوج کے سپاہی مقبول حسین اس دارِ فانی سے رخصت فرما کر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں، انا للہ وانا اليه راجعون۔

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے سپاہی مقبول حسین کی رحلت پر ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی۔

سپاہی مقبول حسین نے 1965ء کی جنگ میں حصہ لیا، انھیں اسی سال بھارت نے جنگی قیدی بنا کر گرفتار کر لیا تھا۔ سپاہی مقبول حسین 40 سال تک ہندوستانی قید کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد 2005ء میں رہا ہوئے تھے۔

سپاہی مقبول حسین کا انتقال سی ایم ایچ اٹک میں ہوا ہے جہاں وہ زیر علاج تھے۔ وطن عزیز کی خاطر قربانیوں کے صلے میں انھیں ستارہ جرات سے نوازا گیا تھا۔


ای پیپر