Bollywood actor Jimmy Shergill arrested for violating Corona SOPs
کیپشن:   فائل فوٹو
29 اپریل 2021 (08:26) 2021-04-29

ممبئی: انڈین پولیس نے کورونا وائرس کے سخت ایس او پیز کو فالو نہ کرنے کی خلاف ورزی پر بالی ووڈ کے مشہور اداکار جمی شیر گل کو گرفتار کر لیا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق جمی شیر گل کو لدھیانہ شہر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ اپنے عملے کے ساتھ گزشتہ کئی روز سے ایک سکول میں فلم کی عکسبندی کر رہے تھے لیکن اس دوران کورونا سے بچنے کیلئے کسی قسم کی احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا جا رہا تھا۔

پولیس کو ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کی اطلاع ملی تو انہوں نے فلم کی شوٹنگ رکوا دی اور جمی شیر گل سمیت دیگر کو متنبہ کیا کہ اگر انہوں نے قواعد کو پاس نہ کیا تو سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ موقع پر پہنچے حکام نے جرمانہ عائد کرتے ہوئے وارننگ لیٹر بھی جاری کیا۔

تاہم اب اطلاعات ہیں کہ پولیس کی جانب سے سخت وارننگ کے باوجود جمی شیر گل اور فلم کے عملے نے شوٹنگ کا عمل جاری رکھا۔

لدھیانہ پولیس نے پتا چلتے ہی دوبارہ چھاپہ مارا اور اداکار جمی شیر گل سمیت چار افراد کو گرفتار کرکے تھانے میں بند کر دیا۔

انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ جمی شیر گل اور گرفتار ہونے والے دیگر افراد پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، ماسک نہ پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ پولیس کی جانب سے جمی شیر گل پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جبکہ اس مقدمے میں ایک مشہور ہدایتکار سمیت متعدد افراد کو نامزد بھی کیا گیا ہے۔ پولیس گرفتار افراد کو جلد عدالت کے روبرو پیش کرے گی۔

پولیس کی جانب سے میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ انہوں نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اطلاع ملنے پر فلم کی شوٹنگ پر چھاپہ مارا تھا، وہاں تقریباً ڈیڑھ سو افراد موجود تھے جنہوں نے نہ تو ماسک پہنچ رکھا تھا اور نہ ہی کسی قسم کی سماجی دوری پر عمل کیا جا رہا تھا۔

ذہن میں رہے کہ جمی شیر گل کا شمار بھارت کے مشہور اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ اب تک بہت سی انڈین فلموں میں اپنے فن کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پنجابی فلموں کا بھی جانا پہچانا نام ہیں۔

جمی شیر گل کی کامیاب اور مشہور فلموں میں سپیشل 26، منا بھائی ایم بی بی ایس، دل ہے تمہارا، صاحب بی بی اور غلام، محبتیں اور دیگر شامل ہیں۔ وکلا کی جانب سے ان کی ضمانت کی کوشش کی جا رہی ہے۔


ای پیپر