سعودی عرب، دبئی سے آنے 105مسافروں میں کورونا کی تصدیق
29 اپریل 2020 (23:58) 2020-04-29

لاہور: سعودی عرب اور دبئی سے لاہور پہنچنے والی 3 پروازوں کے 105 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

سعودی عرب اور دبئی سے لاہور پہنچنے والے ان 105 مسافروں کو مختلف قرنطینہ مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔بیرون ملک سے آنے والے مسافروں میں کورونا وائرس مثبت آنے کا تناسب کافی زیادہ نکل آیا ہے۔یہ انکشاف چیف ایگزیکٹو میو اسپتال لاہور ڈاکٹر اسد اسلم نے کیا اور بتایا کہ سعودی عرب سے آنے والی پرواز کے 16 مرد مریضوں کو ایکسپو سینٹر جبکہ 19 خواتین کو میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دبئی سے آنے والی 2 پروازوں کے 70 مریض بھی ایکسپو سینیٹر منتقل کردیے گئے ہیں۔ڈاکٹر اسد اسلم کے مطابق امریکا اور ٹورنٹو سمیت دیگر ممالک سے آنے والی پروازوں کے سیکڑوں مسافر مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہرائے گئے ہیں۔ان مسافرو ں نے بتایا کہ انہیں 24 گھنٹے کیلئے اپنے خرچ پر یہاں ٹھہرنے کا کہا گیا تھا مگر اب کئی روز گزر چکے ہیں، ان کے ٹیسٹ تک نہیں لیے گئے۔

چیف ایگزیکٹو میو اسپتال نے اس بارے میں بتایا کہ ایس او پیز کے تحت مسافروں کا 7 روز تک قرنطینہ میں رہنا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں سے پوچھاجاتا ہے کہ وہ سرکاری قرنطینہ مرکز جانا چاہتے ہیں یا پھر اپنے خرچ پر کسی نجی ہوٹل میں ٹھہرنا چاہتے ہیں۔


ای پیپر