پاکستان کو سعودی حکومت کی جانب سے اضافی حج کوٹہ مل گیا
29 اپریل 2019 (20:50) 2019-04-29

اسلام آباد: پاکستان کو سعودی حکومت کی جانب سے اضافی حج کوٹہ مل گیا جس کے بعد مزید 15 ہزار 790 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کو اضافی حج کوٹہ مل گیا ہے جس کے بعد مزید 15 ہزار 790 پاکستانی حج کی سعادت حاسل کرسکیں گے، ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اضافی کوٹے کی قرعہ اندازی کی جائے گی جب کہ اضافی کوٹے میں 9 ہزار 474 افراد سرکاری اور 6 ہزار 316 افراد پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے زریعے حج پر جائیں گے۔

پاکستانی عازمین حج کے لیے اضافی کوٹے کا معاملہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے درمیان وزیر اعظم عمران خان نے اٹھایا تھا، جس کے بعد پاکستان کے لیے 16 ہزار افراد کے اضافی کوٹے کو شامل کیا گیا تھا۔اس کوٹے کے اضافے کے بعد پاکستان کے لیے عازمین حج کا کل کوٹہ 2 لاکھ تک پہنچ گیا ہے۔اس نئے کوٹے کے اضافے کے بعد وزارت مذہبی امور نے ناکام رہ جانے والے درخواست گزاروں کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔

16 ہزار کے اس نئے حج کوٹے کو بھی 60 فیصد سرکاری اور 40 فیصد نجی اسکیم کے تحت تقسیم کیا گیا ہے، جس کے تحت 9 ہزار 4 سو 74 عازمین سرکاری جبکہ 6 ہزار 316 نئے ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج پر جاسکیں گے۔اس سلسلے میں ذرائع نے مزید بتایا کہ وزارت مذہبی امور نئے کوٹے کے لیے بینکوں سے رقم نکلوانے والوں کو دوبارہ رقم جمع کروانے کے لیے 4 دن کی مہلت دے گی جبکہ جن افراد کی رقم بینکوں میں موجود ہے وہ براہ راست نئی قرعہ اندازی میں شامل ہوں گے۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2019 کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت ملک کے شمالی علاقہ جات کے رہائشیوں کے لیے حج کی فی کس لاگت 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے ہے جبکہ جنوبی علاقے (کراچی، کوئٹہ اور سکھر) کے لیے 4 لاکھ 26 ہزار 975 روپے ہے، ان اخراجات میں قربانی کی لاگت شامل نہیں ہے، قربانی کے ساتھ یہ اخراجات 4 لاکھ 56 ہزار 426 روپے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل فروری میں بھی سعودی عرب نے پاکستان کے حج کوٹے میں اضافہ کیا تھا، پہلے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 84 ہزار تھا تاہم حج کوٹے میں اضافے کے بعد 2 لاکھ کردیا گیا تھا۔


ای پیپر