عمران خان کو کچھ ہوا تو جہانگیر ترین جیسے لوگ چھوڑ کر بھاگ جائیں گے: حامد خان
کیپشن:   فوٹو بشکریہ فیس بک
29 اپریل 2019 (11:07) 2019-04-29

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو کچھ ہوا تو جہانگیرترین جیسے لوگ چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ عمران خان جہانگیر ترین جیسے لوگوں سے جلدی جان چھڑا لیں۔

حامد خان بھی جہانگیر ترین کے خلاف بول پڑے اور کہا کہ جہانگیر ترین کے جرائم بہت بڑے ہیں لیکن سپریم کورٹ نے انہیں سزا کم دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں جہانگیر ترین جیسے لوگ عمران خان کو چھوڑ کر بھاگ جائیں گے، سپریم کورٹ سے نااہل کسی بھی شخص کو پارٹی معاملات نہیں چلانے چاہئیں۔

حامد خان کا کہنا تھا کہ پارٹی اور عمران خان کو لوگوں نے کہیں اور دیکھا تھا جب کہ جہانگیر ترین نے ایسے لوگوں کو بھی سائیڈ لائن کر دیا جن کو وہ خود ساتھ لائے تھے۔ پی ٹی آئی رہنما نے جہانگیر ترین پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پارٹی انتخابات میں جہانگیر ترین سمیت 4 لوگوں نے پیسے تقسیم کیے تھے جب کہ جہانگیر ترین نے تو اپنے والدین کے خلاف بھی مقدمہ بازی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں دھڑے بندی سال 2011 کے بعد پیدا ہوئی جب کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین جیسے لوگوں کو بھی پارٹی چھوڑنے پر مجبور کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کا سیاسی کردار افسوسناک رہا ہے جبکہ جہانگیر ترین نے ہماری پارٹی کو تقسیم کر دیا ہے۔ میں جہانگیر ترین سے ہاتھ ملانا بھی پسند نہیں کرتا کیونکہ انہوں نے پارٹی میں خوف کی فضا پیدا کر رکھی ہے۔


ای پیپر