سرفراز کو تبدیل نہیں کرینگے،چیئرمین پی سی بی احسان مانی
28 ستمبر 2018 (19:40) 2018-09-28

لاہور:چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) احسان مانی مشکل وقت میں کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے اور انھوں نے وکٹ کیپر کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے اگلی سیریز میں ٹیم سے بہتر کھیل کی امیدیں باندھ لیں۔

متحدہ عرب امارت میں جاری ایشیاکپ میں پاکستان ٹیم سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف37 رنز کی شکست کا شکار ہوکر فائنل میں جگہ نہ بنا سکی، اس سے قبل اسے روایتی حریف بھارت سے بھی دونوں میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایونٹ میں کپتان سرفراز احمد کی بیٹنگ بھی اچھی نہیں رہی جب کہ ان کی قیادت پر بھی اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں، البتہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ان پر مکمل اظہار اعتماد کیا ہے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب ٹیم جیتے تو کپتان کی بہت تعریفیں ہوتی ہیں کہ اس سے اچھا کوئی اور ہے ہی نہیں، اب ہارگئے ہیں تو انہیں ٹیم سے نکالنے کی باتیں ہونے لگیں،البتہ میرا ابھی کسی قسم کی تبدیلیوں کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔نائب کپتان کی تقرری کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں ایک،دو روز میں ٹیم مینجمنٹ سے ملاقات کروں گا،ان سے ایشیاکپ میں کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ ٹیم کے ناقص کھیل کی وجوہات جاننے کی بھی کوشش ہوگی۔


ای پیپر