Pakistan, Army chief, Qamar javed bajwa,ISPR
کیپشن:   فائل فوٹو
28 اکتوبر 2020 (19:47) 2020-10-28

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شر پسند عناصر کی جانب سے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں جوانوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں مدرسہ دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر افراد کی عیادت بھی کی اور اُن کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔

اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جایود باجوہ نے کہا کہ 16 دسمبر 2014ء کو اے پی ایس پشاور میں معصوم بچوں کو ٹارگٹ کیا گیا اور 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر دشمن نے ایک بار پھر اپنی سیاہ تاریخ اور مذموم عزائم کو دوبارہ پروان چڑھانے کے لئے مدرسہ کے معصوم بچوں کو خون میں نہلا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں میں افغان مہاجرین کے بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ کل بھی پوری قوم نے دہشت گردوں کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا اور آج بھی ہم اُس جذبے کے تحت ایک ہیں۔ ہمارا دکھ کل بھی مشترک تھا اور آج بھی۔ دشمن کل بھی وہی تھا اور دشمن آج بھی وہی ہے۔ کل بھی قوم نے دُشمن کو مسترد کیا اور دہشت گرد نظریے کو شکست دی اور آج بھی ہم متحد ہیں اور مل کر اس کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں یکجہتی اور عزم کا اظہار کرنے کے لئے خاص طور پر مدرسے کے ان بچوں، اساتذہ اور خاندانوں کا دُکھ بانٹنے آیا ہوں۔ اُس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرکردار تک نہ پہنچائیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان دونوں نے پچھلی دو دہائیوں میں دہشت گردی کا سامنا کیا ہے۔ پاکستان نے افغان مہاجرین بھائیوں کیلئے اپنے دِل اور دروازے کھول دیے اور ہم ہمیشہ افغان بھائیوں کے دُکھ اور سکھ میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کا امن ایک دوسرے سے جُڑا ہے اور دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔اُن کا نظریہ دہشت پھیلانا اور معاشرے میں خوف کی فضا پیدا کرنا ہے۔ مدرسے پر حملہ دراصل اسلام دُشمنی ہے۔ مدرسہ، منبر، مساجد، امام بارگاہیں، گرجا، مندر، تعلیمی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معصوم شہری ان کا نشانہ ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور اس کیلئے بھرپور تعاون کرتا رہے گا۔ پاکستان میں موجود افغان مہاجرین بھائیوں کو بھی اس سلسلے میں ایسی دُشمن قوتوں سے چوکنا اور دور رہنا ہو گا تاکہ وہ دانستگی اور نادانستگی میں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال نہ ہو سکیں۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاکنڈ ڈویژن کے علاقے اپر دیر کا دورہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کی آمد پر استقبال کیا جبکہ پاک فوج کے سپہ سالار کوStabilization Operatons  اور بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے جوانوں کو علاقے میں امن کیلئے کی کوششوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف نے سنگلاخ اور دشوار گزار علاقے میں بارڈر فینسنگ پر جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جوان شر پسند عناصر کی حالیہ دہشت گردی کے تناظر میں چوکنا رہیں۔ سرحدوں کی حفاظت اور بارڈر مینجمنٹ سسٹم پاکستان کے امن کے عزم کی حقیقی عکاس ہیں۔


ای پیپر