Shah Mehmood Qureshi, UAE, Minister of State, Reem Al Hashimi, visa issues
28 نومبر 2020 (16:00) 2020-11-28

نائیجر: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اماراتی حکومت کو پاکستانی شہریوں کو ویزہ کے حصول میں درپیش مسائل سے آگاہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اماراتی بین الاقوامی تعاون کے امور کی وزیر مملکت ریم الہاشمی سے ملاقات کی ، جس میں وزیر خارجہ نے یو اے ای کی نئی ویزہ پالیسی کے حوالے سے پاکستانی حکومت کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستان اور اماراتی رہنماوں کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، عالمی وبا سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اماراتی وزیر مملکت نے او آئی سی اجلاس میں شاہ محمود قریشی کے خطاب کو بھی سراہا اور اسلاموفوبیا کے خلاف بھر پور آواز اٹھانے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمود قریشی نے اماراتی وزیر کو ویزہ کے معاملے پر پاکستانی شہریوں کو درپیش مسائل کے جلد حل کی درخواست کی اور دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای میں مذہبی ، تہذیبی بنیاد پر دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ دونوں وزرائے خارجہ میں اگلے سال دبئی میں منعقدہ ایکسپو میں پاکستان کی شرکت سے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ یو اے ای کی جانب سے پاکستان سمیت متعدد ممالک پر ویزہ پابندی کے اعلان کے بعد بھارتی میڈیا نے اس پر بہت شور مچایا تھا لیکن وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈا کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای میں پاکستانی افرادی قوت کو کام کرنے کی اجازت ہے اور ان پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے اس پابندی کا مقصد پاکستان پر دباو بڑھانا ہے تاکہ وہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کر لے۔


ای پیپر