Google, tribute, Bano Qudsia, doodle, Urdu novelist
28 نومبر 2020 (11:16) 2020-11-28

لاہور: گوگل نے ڈوڈل کے ذریعے اردو کی مقبول و معروف ناول نگار اور افسانہ نگار بانو قدسیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بانو قدسیہ کے مداح انکی سالگرہ آج منا رہے ہیں۔ بانو قدسیہ نے اردو اور پنجابی زبانوں میں ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لیے بہت سے مقبول ڈرامے لکھے۔ ان کا ناول راجہ گدھ اردو زبان کے اہم ناولوں میں شمار ہوتا ہے، ان کی ادبی خدمات پر حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز سے نوازا ہے۔

اردو زبان پر عبور رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ بانو قدسیہ نے جذبات اور اقدار کے بحران کو اپنی تحریروں کا موضوع بنایا۔

واضح رہے کہ تقسیم کے بعد بانو گرداس پور سے اپنے کنبے کے ساتھ پاکستان پہنچیں، راستے میں کئی رشتے دار قتل کر دیئے گئے صرف بانو قدسیہ ، اُن کی والدہ اور بھائی بچ گئے۔ 1956 میں بانو قدسیہ کی شادی اشفاق احمد سے ہوئی اور پھر اسکرپٹ رائٹنگ کو ذریعہ معاش بنا لیا۔

بانو قدسیہ کہا کرتی تھیں کہ شادی کے بعد مفلسی نے ہم دونوں میاں بیوی کو لکھنا پڑھنا سکھا دیا تھا۔

1981 میں شائع ہونے والا ناول راجہ گدھ بانو قدسیہ کی حقیقی شناخت بنا، بانو قدسیہ نے 27 کے قریب ناول ، کہانیاں اور ڈرامے لکھے، ان کی ادبی خدمات پر حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز سے نوازا۔


ای پیپر