Pandemic, second wave, NCOC, WHO, Pakistan
کیپشن:   فائل فوٹو
28 نومبر 2020 (09:45) 2020-11-28

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا سے مزید 45 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، اموات کی تعداد 7 ہزار 942 تک جا پہنچی۔

تفصیلات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 45 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 3 لاکھ ، 92 ہزار 356 ہو گئی جبکہ 3 لاکھ 37 ہزار 553 مریض وبا کو شکست دیکر صحت یاب ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں عالمی وبا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے حکومت کچھ ٹھوس اقدامات کرنے کی بجائے اپوزیشن جماعتوں پر اس کی ذمہ داری ڈال رہی ہے۔

وزیراعظم ، وفاقی وزرا اور مشیروں کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم جلسوں کی وجہ سے ملک میں کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی ترجمانوں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنما شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ اس لیے پی ڈی ایم کو ملک میں مزید جلسے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے ملک بھر میں تعلیمی اداروں اور شادی ہالز کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ این سی او کا کہنا تھا کہ اگر عوام اور تاجروں نے ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو تجارتی مراکز بھی بند کر دیئے جائیں گے۔ اس حوالے سے حکومت نے اوقات کار کو تبدیل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب تاجروں کا کہنا ہے کہ ملک میں کارروبار کا پہلے ہی کوئی حال نہیں ایسے میں حکومت کی جانب سے تجارتی مراکز بند کرنے کی دھمکیاں کسی صورت قبول نہیں۔ تاجروں کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سے خود کچھ نہیں ہو رہا اس لیے لاک ڈاون اور تجارتی مراکز بند کرنے کی کہا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ پرائیوٹ سکولز مالکان نے بھی تعلیمی اداروں بند کرنے کے حکومتی فیصلے کی مخالفت کی تھی۔


ای پیپر