Nawaz Sharif, Shehbaz Sharif, mother, dead body, Jati Umrah, Lahore
کیپشن:   فائل فوٹو
28 نومبر 2020 (08:35) 2020-11-28

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی والدہ کا جسد خاکی جاتی امرا پہنچ گیا۔

بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی جاتی امراء پہنچ گیا۔ شہباز شریف میت کے ہمراہ جاتی امراء پہنچے، بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی ائیرپورٹ سے ایمبولینس کے ذریعے جاتی امراء پہنچایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر ‏شہباز شریف نے اپنی والدہ کا جسد خاکی ایئرپورٹ پر وصول کیا، شہباز شریف نے والدہ کی میت حج ٹرمینل علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے وصول کی ،شہباز شریف کے ہمراہ حمزہ شہباز، مریم اورنگزیب، عطا تارڑ اور دیگر افراد بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔ بیگم شمیم اختر کی میت کو ایمبولینس کے ذریعے ائیرپورٹ سے جاتی امرا لایا گیا۔

خیال رہے کہ جاتی امرا رہائش گاہ میں صرف خاندان کے افراد تعزیت کے لیے آئیں گے۔

شریف میڈیکل سٹی گرائونڈ میں بیگم شمیم اختر کی دوپہر 1:30 بجے نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل ، شرکت کے لیے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ بیگم شمیم اختر کو شریف میڈیکل سٹی رائیونڈ میں نماز جنازہ کے بعد جاتی امرا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز نے پیرول پر رہائی کے بعد اپنے چچا شہباز شریف سے ٹیلی فون پر دادی کی وفات پر اپنے دکھ کا اظہار کیا، غم کے اس موقع پر انہوں نے شہباز شریف کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی جس کے نیچے کیپشن لکھا تھا کہ مجھے ایسے لگا جیسے میں ابا سے ملی ہوں۔

یاد رہے کہ بیگم شمیم اختر کی وفات کے بعد شریف فیملی سوگ کی کیفیت میں ہے۔ مریم نواز کے علاوہ نواز شریف نے بھی اپنے بھائی شہباز شریف سے رابطہ کیا تھا جس میں سابق وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر سے کہا کہ والدہ کی آخری رسومات کے انتظامات کی نگرانی وہ خود کریں۔ دوران گفتگو دونوں بھائی آبدیدہ ہو گئے۔


ای پیپر