چیف جسٹس نے علیمہ خان کی دبئی میں جائیداد کا ازخود نوٹس لے لیا
28 نومبر 2018 (21:27) 2018-11-28

لندن : چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی دبئی میں جائیداد کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔

بدھ کو لندن میں چیف جسٹس پاکستان سے صحافیوں نے وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی دبئی میں پراپرٹی اور ان کی جانب سے جرمانے کی ادائیگی سے متعلق سوالات کیے۔جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس کی تاریخ مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ۔دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے 893 مالکان کو نوٹس بجھوائے تھے ‘جن میں سے 450 افراد نے جائیدادوں کی ملکیت تسلیم کر لی تھی جبکہ 443 افراد نے اس حوالے سے کوئی جواب جمع نہیں کرایا تھا۔

بعد ازاں میڈیا پر اس قسم کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے دبئی میں اپنی جائیداوں کے حوالے سے ٹیکس جمع کرا دیا ہے۔واضح رہے کہ نواز شریف نے نیب سے مطالبہ کیا تھا کہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے دبئی میں جائیداد کیسے بنائیں‘ نیب حکام اس بات کی تحقیقات کرے۔


ای پیپر