نواز شریف ایٹمی دھماکے نہ کرتے تو تاریخ مختلف ہوتی : شاہد خاقان
28 May 2020 (22:13) 2020-05-28

اسلام آباد :سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیردلیر نوازشریف کی صاف دل، صاف ذہن اورجراتمند قیادت ایٹمی دھماکے نہ کرتی تو آج تاریخ مختلف ہوتی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے ڈالر، ڈر اور دباو سے آزاد ہوکر ثابت قدمی سے واضح اور دوٹوک فیصلہ کیا،پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت نے بھیک ٹھکرا دی اور عزت کی راہ کا انتخاب کیا۔الحمداللہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ہمیشہ پاکستان کو دفاع سمیت ہر شعبے میں ترقی دی جس پر فخر ہے۔

انہوں نے کہاکہ قوم، قیادت، سائنسدان، انجینئر اور افواج پاکستان سب کو یہ دن مبارک ہو، یہ پاکستان کا دن ہے، یہ قوم کا دن ہے۔جوہری دھماکوں سے پاکستان نے غیرت، عزت اور خودمختاری سے زندہ رہنے کا فیصلہ کیا،یہ ہماری قومی بقاء سلامتی اور مستقبل کے لئے فیصلہ کن دور تھا۔


ای پیپر