Source : Yahoo

سپریم کورٹ: پی آئی اے کے 10 سال کے خصوصی آڈٹ کا حکم
28 جون 2018 (17:07) 2018-06-28

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے آڈیٹر جنرل پاکستان کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے)کے گزشتہ 10 سال کے خصوصی آڈٹ کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں پی آئی اے کے طیاروں پر پاکستانی پرچم کے بجائے قومی جانور مارخور کی تصویر بنائے جانے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔

اس دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مارخور کی تصویر لگانے کے بجائے باتھ رومز کو بہتر کریں۔چیف جسٹس نے کہا کہ پسند ناپسند کے باعث ادارے کو نقصان پہنچا، جو لوگ اس کے ذمہ دار ہیں انہوں نے ہاﺅسنگ سوسائٹیاں اور فارم ہاﺅس بنا رکھے ہیں۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس کیس میں مداخلت کا مقصد پی آئی اے کے خسارے کی وجوہات جاننا ہیں کیونکہ پی آئی اے انتظامیہ مضبوط ہاتھوں میں ہونی چاہیے۔

بعد ازاں عدالت نے فیصلہ آنے تک کنٹریکٹ پائلٹس کے علاوہ پی آئی اے میں بھرتیوں اور برخاستگی پر پابندی عائد کردی۔ساتھ ہی عدالت نے سابق مشیر ہوابازی شجاعت عظیم اور سابق ایم ڈی اسلم آغا کو عارضی طور پر انہیں جانے کی اجازت دیتے ہوئے سماعت ہفتہ 30 جون تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ 13 مئی کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پی آئی اے کے طیاروں پر قومی پرچم کی جگہ مارخور کی تصویر لگانے کا نوٹس لیتے ہوئے ادارے کو مذکورہ اقدام سے عارضی طور پر روک دیا تھا۔


ای پیپر