ہم باہر نکلے تو حکومت گر جائے گی ،شہباز شریف ،بلاول کا الٹی میٹم
28 جولائی 2020 (22:51) 2020-07-28

لاہور :پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر ہم باہر نکلے تو دھرنے کی ضرورت ہی نہیں ہوگی، ہم آدھے راستے میں ہوں گے اور عمران خان کی حکومت گر جائے گی، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ہمیں لیڈ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دعوت دی اور چائے بھی پلائی۔

انھوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت ہر پاکستانی کی صحت و زندگی کے لیے خطرہ بن چکی ہے،ان کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں، عوام ایک پیج پر ہیں، اس حکومت کو نکالنا پڑے گا، عوام آج مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، ہمیں ان کو ریلیف دینا ہے۔

اس موقع پر لیگی صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق ہے کہ حکومت نے 2 سال معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا،انھوں نے کہا کہ پاکستان میں آج مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، دنیا میں کورونا وبا کے بعد قیمتیں زمین بوس ہوگئیں جبکہ پاکستان میں بڑھ گئیں، حکومت کے پاس اس مہنگائی کا کوئی جواب نہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں کئی ہفتے پٹرول ملا نہیں، پھر قیمت میں تاریخ کا سب سے زیادہ اضافہ کیا، اس مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی۔


ای پیپر