Prime Minister, Imran Khan, two national parks, Jhelum, Fawad Chaudhry
28 فروری 2021 (10:52) 2021-02-28

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان جہلم میں دو نیشنل پارکس کی بنیاد رکھنے جا رہے ہیں ۔

فواد چودھری نے ٹویٹ کیا کہ ٹلہ جوگیاں اور نندنا قلعہ کی بحالی ایک سنگ میل ہے ، عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو ماحول اور سیاحت کو معاشی پالیسی کا اہم جزو سمجھتے ہیں ۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی باغا نوالہ قلعہ نندنہ پر آج آمد متوقع ہے ، وزیراعظم کی آمد پر سڑکوں کی مرمت اور قلعہ نندنہ سائیٹ کی صفائیاں زور و شور سے جاری ہیں ۔

عمران خان تاریخی اہمیت کے حامل مقام قلعہ نندنہ باغانوالہ کا دورہ کریں گے اور سیاحت کے فروغ کیلئے مجوزہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔

وزیراعظم عمران خان جہلم میں نندنہ تاریخی البیرونی مقام پر ہیریٹیج ٹریل کا افتتاح کریں گے ۔

یاد رہے کہ ابوریحان البیرونی نے نندنہ قلعے کے مقام پر کرہ ارض کی پیمائش کیلئے تجربے کیے تھے ۔

وزیراعظم کے ویژن 30-2020 کے تحت سیاحتی مقامات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ کھیوڑہ ، ٹندنہ مندر ، کٹاس مندر ، ملوٹ مندر اور تخت بابری بھی نندنہ قلعے کے ساتھ واقع ہیں ۔ ہیریٹیج ٹریل کا حصہ بننے کے بعد سیاح تمام مقامات کو اکٹھے دیکھ سکیں گے ۔ سیاحتی مقامات اجاگر کرنے سے مقامی آبادی کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے ۔

وزیراعظم ٹلہ جوگیاں اور سالٹ رینج نیشنل پارکس کا آغاز بھی کریں گے ۔ وزیراعظم کو سالٹ رینج میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی جائے گی ، وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران زیتون کا پودا بھی لگائیں گے ۔

تحصیل پنڈدادن خان کے سماجی حلقوں کی طرف سے وزیر اعظم کے دورہ کے موقع پر خوشاب روڈ کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کی توقع کی جا رہی ہے ۔


ای پیپر