مول وی۔۔یا مولوی۔۔؟؟
28 فروری 2020 2020-02-28

دوستو،آج جمعہ مبارک ہے، اس لئے آج ہم آپ سے کچھ ’’میٹھی، میٹھی‘‘ باتیں کریں گے۔۔ مولوی کے حوالے سے ہمارے معاشرے میں بہت سی غلط روایات اور غلط باتیں پھیلی ہوئی ہیں۔۔باباجی کہتے ہیں، جس طرح ہاتھ کی پانچوں انگلیاں ایک جیسی نہیں ہوتیں اسی طرح سارے مولوی ایک سے نہیں ہوتے۔۔ کچھ مولوی اچھے ہوتے ہیں تو کچھ بہت اچھے۔۔ باقیوں کا سچ میں ہمیں بھی نہیں معلوم۔۔ بہرحال جو اچھے مولوی ہیں، آج ان کے حوالے سے کے کچھ مزے مزے کی باتیں کرتے ہیں تاکہ آج کا دن آپ کا خوشگوار گزرے۔۔

امام شعبی کے پاس ایک شخص مسئلہ پوچھنے آیا کہ میں نے ایک عورت سے شادی کی ھے جو لنگڑی نکلی ہے ، تو کیا میں اس کو واپس کر سکتا ہوں ؟آپ نے فرمایا کہ اگر تو اس کے ساتھ ریس لگانا چاہتا ہے تو پھر بلاشبہ واپس کر دے ۔۔انہی امام سے ایک آدمی نے پوچھا۔۔ کیا احرام والا شخص اپنے بدن کو خارش کر سکتا ہے ؟آپ نے فرمایا کہ ہاں بالکل کر سکتا ہے۔۔ سوالی نے پوچھا کہ کس حد تک کر سکتا ہے؟ امام شعبی نے فرمایا کہ جب تک اس کی ہڈیاں نظر آنا شروع ہو جائیں ۔۔امام شعبی سے ایک اور موقع پر سوال کیاگیا کہ۔۔ داڑھی پر مسح کیسے کرنا چاہیے؟آپ نے جواب دیا کہ انگلیوں سے خلال کرنا چاہیئے ،اس پر اس نے کہا کہ اس میں شک رہتا ہے کہ شاید ٹھیک طریقے سے گیلی نہ ہوئی ہو ؟اس پر آپ نے فرمایا کہ ایسی صورت میںداڑھی کو ابتدائی رات میںہی بھگو دینا چاہئے ۔۔امام ابوحنیفہ کے پاس ایک شخص مسئلہ پوچھنے آیا کہ جب نہر میں نہایا جائے تو منہ قبلے کی طرف کرنا چاھئے یا دوسری طرف ؟آپ نے فرمایا کہ بہتر ہے منہ کپڑوں کی طرف رکھنا چاھئے تا کہ کوئی چرا نہ لے جائے۔شیخ ابن عثیمین اور بن باز ایک مجلس میں اکٹھے تھے کہ ایک شخص نے سوال کیا کہ اس کا ایک دوست کہتا ہے کہ وہ ایک آلہ ایجاد کرنا چاہتا ہے جو نماز میں غلطی پر ٹوک دے گا ، تو کیا ایسا آلہ بنانا جائز ہے ؟اس پر بن باز تو خاموش رھے مگر شیخ صالح بن عثیمین ہنس پڑے اور کہا۔۔ اپنے دوست سے پوچھو کہ وہ آلہ غلطی پر سبحان اللہ کہے گا یا تالی بجائے گا ؟ابن عثیمین سے ایک شخص نے پوچھا کہ بندہ جب دعا کر لے تو کیا کرے ؟شیخ نے جواب دیا کہ ہاتھ نیچے کر لے ۔۔ایک شخص نے شیخ ابن عثیمین سے پوچھا کہ اگر کیسٹ میں قرآن سنا جائے تو کیا سجدے والی آیت پر سجدہ کرنا چاہئے؟آپ نے فرمایا کہ ہاں لیکن اس شرط پر کہ کیسٹ بھی سجدہ کرے ۔۔شیخ ابن عثیمین نکاح کے موضوع پر درس دے رہے تھے ، درس کے بعد ایک شخص نے سوال کیا کہ اگر میں شادی کرتاہوں اور بعد میں پتہ چلتا ہے کہ میری بیوی کے دانت نہیں ہیں تو کیا نکاح فسخ کرنے کے لئے یہ وجہ معقول و مناسب ہے ؟اس پر شیخ نے جواب دیا کہ ایسی بیوی تو غنیمت ہے جس سے تجھے کاٹنے کا خدشہ نہ ہو۔۔۔

ایک نوجوان لاہور سٹیشن پر ایک مولوی صاحب سے ملا اور بولا۔۔میری جیب سے پرس کہیں گر گیا ہے،بس مجھے لاہور سے گجرانوالہ پہنچنے تک کے پیسے دے دیجیے۔ٹکٹ 105 روپے کاہے۔۔اور آگے گوجرانولہ ریلوے اسٹیشن سے میں پیدل اپنے گھر چلا جاؤں گا،ویسے میں بہت امیر خاندان سے ہوں. مجھے مانگتے ہوئے ہچکچاہٹ محسوس ہو رہی ہے۔بس 105 روپے چاہیے۔۔ مولوی صاحب جو کہ جدید دور کے مولوی اور فیس بک اور انٹرنیٹ سے کافی واقف تھے کہنے لگے۔۔اس میں شرمانے والی کوئی بات نہیں ہے،کبھی میرے ساتھ بھی ایسا ہو سکتا ہے۔یہ لو میرا فون،اپنے گھر والوں سے بات کرو،کہو کہ میرے اس نمبر پر 200 روپے کا ریچارج کرا دیں اور تم مجھ سے 200 روپے نقد لے لو۔۔ تمہاری پریشانی ختم ہوجائے گی۔۔وہ نوجوان بغیر کچھ کہے آگے بڑھ گیا۔۔کسی پیر صاحب نے اپنے مرید خاص سے کسی معاملے پر خوش ہوکر کہا۔۔بیٹا کوئی منت مانگو۔۔مرید جلدی سے بولا۔۔ مجھے ’’ ان میریڈ‘‘ کر دیں۔۔ پیر نے گھنی داڑھی پر دور تک ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا۔۔ بیٹا منت مانگو جنت نہیں۔۔ ایک لڑکے کی شادی نہیں ہو رہی تھی وہ اپنی امی کے ساتھ منت مانگنے گیا ، وہاں اس کی امی گم ہو گئی ۔۔لڑکا سرکھجاتے ہوئے کہنے لگا۔۔: لو جناب ! اپنی تو ملی نہیں ابو کی بھی کھو گئی ۔۔

کسی عرب ملک میں قاضی کی عدالت میں مقدمہ آیا کہ ایک نمازی نے امام مسجد کو تشدد کانشانہ بنایا ہے۔۔ ملزم کو کٹہرے میں لاکھڑاکیاگیا ۔۔قاضی نے ملزم سے کہا۔۔ مجھ تک اطلاع پہنچی ہے کہ تم نے امام مسجد کو مارا ہے اگر تم نے کوئی عذر پیش نہ کیا تو میں تمہیںسخت سزا دوں گا۔۔ملزم نے اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا۔۔ جناب میںاپنے آبائی گھر جارہا تھا،رات بیت چکی تھی صبح صادق کا وقت تھا، مجھے گھر پہنچنے کی جلدی تھی۔۔فجر کی اذانیں سنائی دینے لگیں۔۔کچھ دیر بعد ایک مسجد کے پاس سے گزرا، موذن اقامت کہہ چکا تھا ہم بھی نماز میں شامل ہو گئے، امام نے سورۃ فاتحہ سے ابتداء کی اور سورۃ بقرۃ کا آغاز کیا، میں نے کہا اس سورت کی چند آیات ہی تلاوت کرے گا لیکن اس نے پہلی رکعت میں مکمل سورۃ بقرۃ تلاوت کی!! پھر دوسری رکعت شروع کی تو مجھے پورا یقین تھا کہ سورۃ فاتحہ کے ساتھ محض سورۃ اخلاص کی تلاوت کرے گا۔۔لیکن اس نے سورۃ آل عمران کی تلاوت شروع کر دی اور آخر تک تلاوت کی پھر سلام پھیرنے کے بعد لوگوں کی جانب متوجہ ہوا، سورج طلوع ہونے کے قریب تھا۔۔امام مسجد نے جماعت میں شامل تمام نمازیوں سے کہا۔۔ اللہ تم پر رحم فرمائے اپنی نماز دہرا لو کیوں کہ میں وضو سے نہیں تھا، میں بے اختیار اٹھ کھڑا ہوا اور اسے طمانچہ مارا۔۔قاضی یہ سن کر بے اختیار ہنس پڑا اور ملزم کو باعزت بری کردیا۔۔

دو عربی ، عربی زبان میں ایک دوسرے کو برا بھلا کہہ رہے تھے۔پاس سے ایک پاکستانی گزرا تو کہنے لگا۔۔ حاجی صاحب !! ہمیں بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھنا ۔۔مردحضرات اکثر خواتین کو طعنے مارتے ہیں، ایک طعنہ یہ بھی ہوتا ہے کہ ۔۔ اگر خواتین چاہتی ہیں کہ ان کے شوہر فرشتہ صفت ہوں تو پہلے گھر کو جنت بنائیں۔۔۔فرشتے دوزخ میں نہیں رہ سکتے ۔۔جس کے جواب میں خواتین کا کہنا ہے کہ ۔۔ اگر مرد چاہتے ہیں کہ ان کو حوریں بطور بیوی ملیں تو پہلے خود کو انسان بنائیں۔۔۔حوریں شیطانوں کو نہیں ملا کرتیں ۔۔

اور اب چلتے چلتے آخری بات۔۔اپنے خیالات پر نظر رکھئے یہ الفاظ کی شکل اختیار کرلیتی ہے،اپنے الفاظ پر نظر رکھئے یہ عمل کی شکل اختیار کرلیتے ہیں،اپنے اعمال پر نظر رکھئے یہ عادات میں تبدیل ہوجاتے ہیں،اپنے عادات پر نظر رکھئے یہ شخصیت کا روپ دھار لیتی ہے،اپنی شخصیت پر نظر رکھئے یہ آپکا مقدر بن جاتی ہے۔۔۔خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں۔۔


ای پیپر