Image Source : Facebook

خون بہنے سے پہلے میز پر بیٹھنا دانشمندی ہے،سابق وزیراعظم
28 فروری 2019 (18:28) 2019-02-28

لاہور:سابق وزیر اعظم نواز شریف کاپاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر کہنا ہے کہ خطے کی نوجوان نسل کو مستحکم معیشت دینی ہے جنگ نہیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں ترجمان مسلم لیگ (ن)مریم اورنگزیب کے ذریعے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر بیان دیا جس میں پاک فوج کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان الحمداللہ کمزور نہیں، پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے، فوج اور عوام اللہ تعالی پر بھروسہ رکھتے اور شہادت کے جذبے سے لیس ہیں جو وار کرے گا سخت پچھتائے گا۔

نواز شریف نے پاک فضائیہ کی کارکردگی پر بے حد خوشی کا اظہار کیا اور اپنے شاہینوں کو جے ایف تھنڈر17 کا تحفہ دینے پر فخر محسوس کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے ہمیں پاکستان کو جوہری قوت بنانے کی توفیق دی ہے اور ہم روایتی ہتھیاروں میں بھی برتری رکھتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی مودی کو مذاکرات کی پیشکش کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ میں خون بہنے سے پہلے میز پر بیٹھنا دانشمندی ہے کیوںکہ خطے کی نوجوان نسل کو مستحکم معیشت دینی ہے جنگ نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کوشش رہی ہے کہ جوہری کے بعد پاکستان معاشی قوت بھی بن جائے کیوں کہ معاشی قوت اور کامل اتحاد سے ہماری ناقابل تسخیر قوت دوگنی ہو جائے گی۔


ای پیپر