فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

بھارتی پائلٹ ابھی نندن کیسے پکڑا گیا؟ سنسنی خیز تفصیلات سامنے آگئیں
28 فروری 2019 (13:18) 2019-02-28

اسلام آباد: پاکستان کے شاہینوں نے کل بھارت کے 2 طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن پکڑ لیا جو اب پاک فوج کی تحویل میں ہے۔ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کیسے پکڑا گیا، عینی شاہدین کے ذریعے نیونیوز نے طیارے کی تباہی سے پکڑے جانے تک کی تمام کڑیاں ملا لیں۔

تفصیلات کے مطابق بدھ ، صبح 8 بج کر 45 منٹ ضلع بھمبر میں لائن آف کنٹرول کے آسمان پر 2 طیاروں میں شعلے بھڑکے ایک پار جاگرا اور دوسرے کا ملبہ بھمبر میں آگرا۔ آزاد کشمیر کی حدود میں گرنے والے طیارے کا پائلٹ پیرا شوٹ سے نیچے اترا۔

اس دوران مقامی نوجوان اس کے پاس جا پہنچے بھارتی پائلٹ نے پوچھا یہ پاکستان ہے یا بھارت؟ ایک نوجوان نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت ہے۔ بھارتی پائلٹ نے خوشی سے نعرہ لگا کر پوچھا یہ بھارت کا کون سا علاقہ ہے، اسی نوجوان نے جواب دیا یہ مقبوضہ کشمیر کا علاقہ کلان ہے۔

بھارتی پائلٹ نے کہا اس کی کمر ٹوٹ چکی ہے اسے پینے کیلئے پانی دیا جائے۔ اس دوران کچھ نوجوان جذباتی ہوئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے لگے۔ جس پر بھارتی پائلٹ نے گھبرا کر ہوائی فائر کیا۔ جواب میں نوجوانوں نے پتھر اٹھالیے۔ بھارتی پائلٹ نے ہوائی فائر کرتے ہوئے پیچھے کی جانب دوڑ لگا دی اور آدھا کلومیٹر تک بھاگتا رہا۔

نوجوانوں نے پیچھا نہ چھوڑا تو بھارتی پائلٹ نے ایک تالاب میں چھلانگ لگا دی اور جیب سے دستاویزات اور نقشے نکال کر کچھ کو نگلنے اور باقی کو ضائع کرنے کی کوشش کی۔ جان سے نہ مارے جانے کی یقین دہانی پر بھارتی پائلٹ تالاب سے باہر نکلا۔ جسے نوجوانوں نے پکڑلیا، کچھ نے مار پیٹ بھی کی، جنہیں باقی روکتے رہے۔ اس دوران پاک فوج کے جوان بھی آگئے اور بھارتی پائلٹ کو مقامی آبادی کے غیض وغضب سے بچایا اور ساتھ لے گئے۔

بھارتی پائلٹ کو حراست میں لینے والا فوجی قافلہ بھمبر کے خلیل چوک سے گزرا تو لوگ گل پاشی اور پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ پاک فوج کی حراست میں چائے کی چسکیاں لیتے ہوئے بھارتی پائلٹ نے شکریہ ادا کیا کہ پاک فوج کے جوانوں نے انہیں مشتعل ہجوم سے بچالیا۔


ای پیپر