فوٹو بشکریہ فیس بک

سکھ برادری بھارت کی کھلی مخالفت پر اتر آئی، بھارتی طیارے گرانے پر پاک فوج کی حمایت
28 فروری 2019 (09:48) 2019-02-28

لاہور: بھارت کی مودی سرکار سے سکھ برادری بھی بیزار ہوگئی، بھارت سے جنگ کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کر دیا۔

سکھ برادری بھارت کی کھلی مخالفت پر اتر آئی، بھارتی طیارے گرانے پر پاک فوج کی حمایت کر ڈالی۔ پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سردار گوپال سنگھ چاولہ نے صاف کہہ دیا کہ بھارت میں پاکستان کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں، کہتے ہیں بھارت نے پاکستان سے الجھنے کی حماقت کی تو نیست و نابود ہو جائے گا۔

رکن گوردوارہ پربندھک کمیٹی رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ مودی سرکار الیکشن کے چکر میں ذہنی توازن کھو بیٹھی ہے۔ پاکستان میں آباد سکھ برادری پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

نارووال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑا نے کہا بھارت نے ہمیشہ پاکستان پر دہشت گردی کا الزام عائد کیا، دراصل نریندر مودی خود ایک بڑا دہشت گرد ہے۔

رمیش سنگھ نے کہا بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دبا نہیں سکتا، یہ تحریک بھارت کے کونے کونے تک پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا۔ سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنو کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سکھوں کیلئے انتہائی مقدس ہے۔ پاکستان کی سرزمین پر گرونانک جی کا جنم ہوا۔ جنگ کی صورت میں سکھ فار جسٹس پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ بھارت کی پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔


ای پیپر