بچوں کی صحت کیلئے پریشان والدین کیلئے ضروری باتیں
28 فروری 2018 (20:01) 2018-02-28

بچوں کی صحت ہر ما ں باپ کیلئے خطرے کی بات ہو تی ہے اور فکر مند رہتے ہیں کہیں ہمارے بچے کچھ غلط کھا پی نہ لیں ۔ایسے ہی فکر مند والدین اگر چند احتیاطی تدابیر استعمال کر لیں تو بچوں کی صحت ٹھیک رکھ سکتے ہیں لیکن آجکل کے بچے کھانے پینے کے معاملے میں بہت زیادہ بد پر ہیزی کرتے ہیں۔ بچوں کے صحت مند ہونے سے مراد ہے کہ وہ مناسب کھانا کھائیں ، کھیل کود میں حصہ لیں اور سب سے بڑی بات بچوں کا وزن مناسب رہے ، کیونکہ آج کل بچوں میں وزن زیادہ ہونے کی شکایات بڑھ گئی ہیں۔اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ آپ بچوں کو ہر وقت کچھ نہ کچھ کھلاتے رہتے ہیں۔ جس سے بچے کا مناسب وزن بڑھ جاتا ہے اور وہ دن بدن موٹاپے کا شکار ہو جاتا ہے۔ اگر آپ اپنے بچوں کو صحت مند دیکھنا چاہتے ہیں تو درج ذیل بیان کئے گئے طریقوں پر عمل کریں۔

سبزیوں اور پھلوں کا استعمال
بچوں میں زیادہ تر چپس ،بسکٹ اور اس سے ملتی جلتی چیزیں کھا نے کا شو ق ہو تا ہے ، لیکن یہ چیزیں بچوں کی صحت کے لئے بہتر نہیں ہے۔ بچوں کو ہر قسم کی سبزیاں اور پھل کھلانے چاہئیں ،کیونکہ سبزیاں اور پھل بچوں کے جسم کو وہ تمام ضروری اجزاء فراہم کرتے ہیں جو ان کی نشوونما کے لئے بہترین ہوں۔ موسم کے لحاظ سے ملنے والے کوئی بھی پھل اور سبزیاں اپنے بچوں کو روزانہ ضرور کھلائیں۔

دودھ اور پانی کااستعمال
موسم چاہے جو بھی ہو ، پانی پیاس کو بجھانے میں بہترین کردار ادا کرتا ہے۔ اس لئے ضرور ی ہے کہ آپ اپنے بچوں کو پانی کی مناسب مقدار فراہم کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں میں دودھ پینے کی عادت بنائیں۔ دودھ کا استعمال بڑھتے ہوئے بچوں کی نشوونمامیں اہم کردار ادا کرتا ہے، کیونکہ اس میں موجود کیلشیم بچوں کی ہڈیوں کو مضبوط کرنے اور بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اگر آپ کے بچے دودھ پینا پسند نہیں کرتے تو کھانے میں دہی اور دودھ سے تیار کی گئی مصنوعات کا ضرور استعمال کروائیں۔ 9 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے روزانہ دو کپ دودھ کا استعمال لازمی ہے۔ اس کے علاوہ تازہ پھلوں اور سبزیوں کے جوس زیادہ بہتر رہیں گے، کیونکہ پیکٹ میں ملنے والے زیادہ ترجوسز میں شوگر کی کافی مقدار پائی جاتی ہے جو بچوں کی صحت کے لئے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

کھانے میں احتیاط
جب بچے کھانا کھا رہے ہوں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ اتنا کھائیں جتنی انہیں ضرورت ہے کیونکہ بچے اکثر کھاتے وقت اس بات کا خیال نہیں رکھتے اور بہت زیادہ کھا لیتے ہیں ، جس کی وجہ سے وہ بعد میں موٹاپے اور سستی جیسے موذی مرض کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس لئے ان امراض سے بچنے کے لئے بچوں کو مناسب اور صحت بخش کھانا کھلائیں۔

مناسب کھیل کود
بچوں کو بڑھنے اور نشوونما پانے کے لئے کھیل کود کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے اپنے بچوں میں کھیلنے کی عادت کو بڑھائیں۔ آج کل کے بچے سار ہ وقت ٹی وی دیکھنے اور کمپیوٹر پر گیمز کھیلنے میں گزارتے ہیں ، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کے لئے کھیل کود بھی ضروری ہے اس لئے بچوں کے لئے ٹی وی اور کمپیوٹر پر بیٹھنے کا وقت مقرر کریں اور تقریباً دو گھنٹے روزانہ انہیں کمپیوٹر اور ٹی وی کے لئے دیں۔ اس کے بعد بچوں کو دوسرے مشاغل کی طرف راغب کرنے کی کو شش کریں۔ جس میں کرکٹ ، باسکٹ بال ، سوئمنگ، ڈانسنگ وغیرہ شامل ہیں۔آپ کا بچہ جتنا زیادہ کھیل کود میں حصہ لے گا اتنا ہی زیادہ مستعد ہوگا اور اس کی بہتر نگہداشت ہو سکے گی۔آپ اپنے بچوں کو صحت مند اور تندرست دیکھنا چاہتی ہیں تو اوپر بیان کئے گئے طریقوں پر عمل ضرور کریں۔ تا کہ آپ کے بچے کی بہتر نشوونما ہو سکے۔ اپنے بچے کو روزانہ ایک انڈہ ابال کر ضرور کھلائیں۔ یہ بچے کی صحت اور تندرستی کے لئے بہت ضرور ی ہے۔


ای پیپر