پاکستان نیوی نے فخر زمان کو لیفٹیننٹ کے اعزازی رینک سے نواز دیا
28 دسمبر 2020 (18:28) 2020-12-28

کراچی: پاکستانی کرکٹر فخر زمان کو پاک بحریہ میں لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کر دیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں فخر زمان کو لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق فخر زمان کو یہ اعزازی رینک کرکٹ کے میدان میں شاندار کارکردگی اور پاک بحریہ سے ان کی وابستگی کی بنا پر دیا گیا۔ فخر زمان نے 2007 میں بطور سیلر پاک بحریہ کی آپریشن برانچ میں شمولیت اختیار کی۔ اپنے کیریئر کے دوران فخر زمان نے کرکٹ کے میدان میں پاک بحریہ کیلٸے متعدد اعزازات حاصل کیے۔ 2012 میں آسٹریلیا میں منعقدہ انٹرنیشنل ڈیفنس کرکٹ چیلنج کپ میں فخر زمان نے پاک بحریہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا۔

 فخر زمان کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی جانب سے سندِ تحسین سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ فخر زمان بین الاقوامی کرکٹ میں بھی اب تک متعدد ریکارڈز بنا چکے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے فخر زمان اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی ۔ تقریب میں عسکری و سول حکام اور پی سی بی کے عہدیداران کے علاوہ سابق کرکٹرز اور فخر زمان کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔ 

بشکریہ: نیو نیوز


ای پیپر