زرداری نے پھٹے ڈھول کے الفاظ نواز شریف کیلئے استعمال کئے : فیصل وائوڈا
28 دسمبر 2018 (16:53) 2018-12-28

لاہور : وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واڈا نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف کیسز نواز شریف کے دور میں بنائے گئے‘ زرداری صاحب نے لاڈلے کا لفظ استعمال کیا لاڈلے تو نواز شریف ہیں‘ زرداری نے بکواس کرنے اور پھٹے ہوئے ڈھول کے الفاظ بھی نواز شریف کے لئے استعمال کئے۔

وفاقی وزیر فیصل واڈا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل میں بانی ایم کیو ایم ملوث ہے۔ علی رضا عابدی کے قاتلوں کو زمین کھود کر بھی نکال لیں گے۔ سندھ حکومت سورہی ہے ہر پاکستانی کی جان اہم ہے۔ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا چاہتا۔ جب بھی ہم بات کرتے ہیں تو 18 ویں ترمیم کا کہہ کر وہ چھت سے لگ جاتے ہیں۔ آصف علی زرداری کا معاملہ اداروں کا ہے۔ آصف علی زرداری کے خلاف کیسز نواز شریف کے دور میں بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب نے براہ راست سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔ زرداری نے لاڈلے کا لفظ استعمال کیا لاڈلے نواز شریف ہیں۔ آصف علی زرداری نے ہمیں بری الذمہ کردیا ہے۔ زرداری نے بکواس کرنے اور پھٹے ہوئے ڈھول کے الفاظ بھی نواز شریف کے لئے استعمال کئے۔ زرداری صاحب کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمیں بری الذمہ کیا۔ میں نہیں سمجھتا تھا کہ بلاول بھٹو اومنی گروپ کے ترجمان بن جائیں گے۔ اگر انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا تو وہ کلیئر ہوجائیں گے فیصل واڈا نے کہا قانون سے بالاتر کوئی بھی نہیں ہے۔ 


ای پیپر