لال حویلی کے باہر موٹر سائیکلیں گرانے پر شہریوں اور شیخ رشید میں تلخی
28 اگست 2018 (15:41) 2018-08-28


راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشیدکی پروٹوکول کے ساتھ لال حویلی آمد‘ حویلی کے باہر پارک ہوئیں موٹرسائیکلیں دیکھ کر سیخ پا ہو گئے‘ موٹر سائیکلیں گرانے پر شہری سراپا احتجاج ‘ شیخ رشید کو بھی کھری کھری سنا ڈالیں ‘چیف ٹریفک آفیسر کاغیر قانونی پارکنگ کا نوٹس‘ متعلقہ ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا‘انکوائری کا حکم دیدیا۔


تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید کی پروٹوکول کے ساتھ لال حویلی آمد کے دوران ٹریفک وارڈن کی جانب سے راستے میں کھڑی موٹرسائیکلیں گرانے کیخلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔حکومت تبدیل لیکن وی آئی پی پروٹوکول اب بھی عوام پربھاری ہے۔گزشتہ روز راولپنڈی میں وزیرریلوے شیخ رشیدکی پروٹوکول کیساتھ لال حویلی آمد کے موقع پر گاڑیوں کاراستہ بنانے کیلئے ٹریفک وارڈن راستے میں کھڑی موٹرسائیکلوں کوگراتارہاہے،جس کیخلاف شہریوں نے احتجاج بھی کیا۔


راولپنڈی میں وزیر ریلوے شیخ رشیدکی پروٹوکول کیساتھ لال حویلی آمد پرٹریفک وارڈن نے شہریوں کی موٹرسائیکلیں گرادیں۔ شیخ رشید موقع پر پہنچے تو کہا ابھی لحاظ کیا ہے ورنہ ساری موٹرسائیکلیں اٹھوادوں۔شہری نے بھی جواب میں کہا کہ آپ وزیر ہیں ،چاہیں تو ساری موٹر سائیکلیں اٹھوادیں ، اس میں تاخیر کیسی؟۔اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ ان کی موٹر سائیکلیں گرانے سے ان کا نقصان ہوا ہے اس کا ذمہ دار کون ہے۔ واقعہ کے بعد راولپنڈی کے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹریفک وارڈن کو معطل کر کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔


ای پیپر