فلسطینی سائنسدان کے قاتل بچ نہیں سکیں گے : حماس
28 اپریل 2018 (16:47) 2018-04-28

غزہ:اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ ہماری جماعت فلسطینی سائنسدان ڈاکٹر فادی البطش کے مجرمانہ قتل کی تحقیقات کے لئے ہرممکن اقدام کرے گی، ڈاکٹر البطش کے قاتل سزا سے بچ نہیں سکیں گے ۔ انہیں عبرت ناک سزا مل کر رہے گی۔ ڈاکٹر البطش کے قاتلوں کے ہاتھ کاٹ دئیے جائیں گے ۔


اسماعیل ھنیہ نے ڈاکٹر فادی البطش کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ کہ ہماری جماعت فلسطینی سائنسدان ڈاکٹر فادی البطش کے مجرمانہ قتل کی تحقیقات کے لئے ہرممکن اقدام کرے گی، ڈاکٹر البطش کے قاتل سزا سے بچ نہیں سکیں گے ، انہیں عبرت ناک سزا مل کر رہے گی، ڈاکٹر البطش کے قاتلوں کے ہاتھ کاٹ دیے جائیں گے جس نے بھی شہید کیا وہ سزا ضرور بھگتے گا۔ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب مجرم ہمارے ہاتھ میں ہوں گے ۔ انہیں فادی البطش کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔


انہوں نے البطش کے مجرمانہ قتل میں اسرائیل اور اس کے خفیہ ادارے موساد کے ملوث ہونے کے بیان کا اعادہ کیا اور کہا کہ ملائیشیا میں اکیس اپریل کو فلسطینی نوجوان سائنسدان کے قتل میں اسرائیل کے سوا اور کوئی ملوث نہیں ہوسکتا۔ اسرائیل کی مکروہ تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے اور وہ فلسطینی اور مسلمان سائنسدانوں کو قتل کرنے کی مجرمانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر البطش نہ صرف ایک سائنسدان تھے بلکہ وہ فلسطین کے سفیر تھے۔ اپنی ایجادات اور سائنسی خدمات سے ہٹ کر وہ ایک داعی، عالم اور استاد تھے اور ساتھ ہی وہ آزادی فلسطین کے ایک متحرک رکن تھے۔


ای پیپر