شکیل آفریدی کو پشاور جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا
28 اپریل 2018 (14:19)

پشاور :سینٹرل جیل پشاور میں قید ڈاکٹر شکیل آفریدی کو جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ،سینٹرل جیل پشاور میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کی موجودگی سے سیکیورٹی خدشات تھے ۔


تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شکیل آفریدی کو پشاور جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ، ڈاکٹر شکیل آفریدی کو مئی 2011 میں ایبٹ آباد میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی امریکا کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ان پر مبینہ طور پر اسامہ بن لادن کا سراغ لگانے میں امریکا کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا گیا ۔بعدازاں 2012 میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کو خیبر ایجنسی کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کی جانب سے کالعدم تنظیموں سے رابطوں اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں 33 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔


جس کے بعد ان کو سینٹرل جیل پشاور منتقل کردیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل پشاور میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کی موجودگی سے سیکیورٹی خدشات تھے، یہی وجہ ہے کہ انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔


ای پیپر