فوٹوبشکریہ فیس بک

ریلوے کی زمین غیر قانونی طور پر استعمال کرنے والے فوری زمین خالی کردیں: شیخ رشید
27 اکتوبر 2018 (16:39) 2018-10-27

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ دھابیجی سے کراچی تک نئی ٹرین چلے گی۔ 31 اکتوبر کو صدر مملکت کراچی میں ٹرین کا افتتاح کر رہے ہیں۔ ‏کراچی حیدرآباد ٹرین کا افتتاح وزیر اعظم دورہ چین کے بعد کریں گے۔ مسافر ٹرینیں کبھی منافع میں نہیں چل سکتیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے قابضین کو خبردار کیا ہے کہ جو ریلوے کی زمین غیر قانونی طور پر استعمال کررہے ہیں وہ فوری زمین خالی کردیں۔ کراچی میں اربوں روپے کی پراپرٹی غیرقانونی طریقے سے استعمال کی جارہی ہے۔ کراچی میں اسٹاک ایکسچینج انتظامیہ ریلوے کی زمین خالی کردے۔ ریلوے چلے گی تو معیشت کھڑی ہو گی، ٹرینوں میں جدت لانے کیلئے ٹریکنگ سسٹم میں بہتری کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا ماضی میں مہنگے ریلوے انجن خریدے گئے، ماضی میں اربوں روپے اسٹیشن کی تزئین و آرائش پر لگا دیئے گئے۔ صرف احسن اقبال کے ریلوے اسٹیشن پر کروڑوں لگا دیئے گئے۔ لاہور کے تمام گوداموں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔ ریلوے کے گوداموں میں نفری بڑھا دی ہے تاکہ چیزیں محفوظ رہیں۔ ریلوے میں 60 دن پورے ہوگئے ہیں۔ ریلوے میں نوجوانوں کو بھرتی کرنا چاہتے ہیں۔ سندھ ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپرس چلانا چاہتے ہیں، تمام ڈویژنل اسٹیشنز پر وائی فائی لگا دیئے گئے ہیں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ سی پیک در اصل ریلوے کیلئے ہے لوگوں نے اسے چرالیا ہے۔ بولے سی پیک روٹ کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مل کر وہاں اور زمین لے لیں گے۔

 

 

 

 

 


ای پیپر