Multan Jalsa will be held in any case
27 نومبر 2020 (21:28) 2020-11-27

ملتان :جے یو آئی کے رہنمائوں مولانا محمد امجد خان ،محمد اسلم غوری،ڈاکٹر عتیق الرحمن ،مولانا صفی اللہ ،مولانا خلیل الرحمن درخواستی،مولانا ایاز الحق قاسمی نے ملتان میں مختلف راہنمائوں ، کارکنان کی گرفتاریوں ،چھاپوں اور کنٹینر لگانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ 30نومبر کو ملتان کا جلسہ ہرصورت میں ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ نام نہاد حکمرانوں کو اپنا مستقبل نظر آرہا ہے جس وجہ سے وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے راہنمائوں اور کارکنان کی گرفتاریوں سے عوام کے جذبات میں کوئی فرق نہیں آئے گا،  انتقامی کاروائیوں نے ہمارے حوصلے بڑھادیئے ہیں،پی ڈی ایم راہنمائوں کی گرفتاریا ں حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں، انہوں نے کہاکہ جلسے جلوس کرنا ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے لیکن نام نہاد حکمران یہ حق بھی عوام سے چھیننا چاہتے ہیں ۔

مولانا محمد امجد خان ،محمد اسلم غوری ،ڈاکٹر عتیق الرحمن نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کہاکہ جے یو آئی کار کن ملتان جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیئے اپنی تمام صلاحتیں صرف کردیں گے، انہوں نے کہاکہ جعلی حکمرانوں کو اب عوام مزید برداشت نہیں کرے گی ،جعلی مقدمات قید وبند کی صعوبتیں حکومت مخالف تحریک کا راستہ کسی طور پر نہیں روک سکتیں، ملتان کا جلسہ ایک تاریخی جلسہ ہوگا .

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے کارکنان ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے جلسے میں بھر پور شرکت کریں گے اوریہ جلسہ حکومتی پالیسیوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا۔


ای پیپر