NCOC meeting, scholars meet Shadi Halls Association on health guidelines: Asad Umar
27 نومبر 2020 (14:30) 2020-11-27

اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی صدارت میں این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی چیف سیکرٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ متعلقہ حکام کی ملک میں عالمی وبا کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ علمائے کرام شادی ہالز ایسوسی ایشن سے ہیلتھ گائیڈ لائنز پر ملاقاتیں کریں، صحت عامہ کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت کورونا پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، صحت کی حفاظت کیلئے و زارت صحت سے احکامات جاری کئے جا رہے ہیں،وبا کا پھیلاو¿ مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے جبکہ وبا پر قابو پانے کیلئے انفرادی اور اجتماعی کردارادا کرنا ہوں گے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ ملکی مساجد میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد قابل تعریف ہے، عوامی شعور اجاگر کرنا ہوگا، عوام کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جبکہ وبا سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ عالمی وبا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جن کی تعداد 2 ہزار 112 سے زائد ہے،آزاد کشمیر میں مثبت کیسز کی شرح 10.79 فیصد ہے،بلوچستان میں مثبت کیسز کی شرح 6.41 فیصد ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں مثبت کیسز کی شرح 4.81 فیصد ،اسلام آباد میں 5.84 ،خیبرپختونخوا میں 9.25 ،سندھ میں 13.25 ،پنجاب میں 3.59 ،آزادکشمیرمیں 10.79 ، اسلام آبادمیں 5.84 ،ملک میں 7.20 ، کراچی 17.73 ،حیدرآبادمیں 16.32 جبکہ پشاورمیں مثبت کیسزکی شرح 19.65 فیصدتک پہنچ گئی ہے۔


ای پیپر