Image Source : Facebook

پاکستان کی خود مختاری پر نا پہلے کوئی سمجھوتہ کیا ہے اور نا اب کرونگا‘نواز شریف
27 May 2019 (23:47) 2019-05-27

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے یوم تکبیر کے موقع جیل سے جاری اپنے پےغام مےں کہا کہ جیل کی اس کال کوٹری سے میں اپنے ہم وطنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے آئینی حقوق، عوام کی بالادستی ، ووٹ کی عزت ، پاکستان کی سالمیت اور پاکستان کی خود مختاری پر نا پہلے کوئی سمجھوتہ کیا ہے اور نا اب کرونگا ۔

ہم پاکستان اور پاکستانی عوام کو ان کی منزل دلا کر رہےں گے ‘28مئی پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن ہے اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیاگیا جب پاکستان ایک ایٹمی قوت کے تعارف کے ساتھ دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا،یوم تکبیر قومی غیرت کا دن ہے ۔یوم تکبیر جہاں پاکستانی قوم کے بے مثال جرات اور بہادری کی علامت کا دن ہے وہاں پاکستان کے دشمنوں اور بد خواہوں کے لیے بھی یہ پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کاانجام عبرت ناک ہوگا۔

آج سے21 سال پہلے جب ہماری حکومت نے یہ فیصلہ کیا تو اسے طرح طرح کے چیلنجوں کا سامنا تھا، ایک طرف اقتصادی پابندیوں کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں اور اس اقدام کو ناقابل معافی جرم کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا۔ اور دوسری طرف دھماکہ نا کرنے کے عوض اربوں ڈالرز کی پیشکش کی جا رہی تھی ۔ہم نے اللہ تعالی کے بھروسے اور عوام کی تائید کے بل بو تے پر ان چیلنجوں کو قبول کیا اور پاکستان کے وقار کاعلم سر بلند رکھا۔ 28 مئی پاکستانی قوم کے نا جھکنے کے اعلان کا دن ہے ۔

قوم کا سر فخر سے بلند رکھنے کی پاداش میں جلا وطنی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں ۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد ہماری گذشتہ حکومت میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرکے سی پیک کی شکل میں معاشی دھماکہ کیا ، تو عالمی سازشوں نے ایک دفعہ پھر سر اٹھا لیا، جس کے نتیجے میں آج مجھے اپنی سانسوں کا بھی حساب دینا پڑ رہا ہے ۔ میرا ایک اصولی موقف ہے کہ دنیا میں پاکستان خود مختار رہے اور پاکستان میں بسنے والے خود اختیار رہیں ۔

اس نظریہ کی سزا میں پہلے اب بھگت چکا ہوں اور اب بھی بھگت رہا ہوں ۔لیکن جیل کی اس کال کوٹری سے میں اپنے ہم وطنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے آئینی حقوق، عوام کی بالادستی ، ووٹ کی عزت ، پاکستان کی سالمیت اور پاکستان کی خود مختاری پر نا پہلے کوئی سمجھوتہ کیا ہے اور نا اب کرونگا ۔ ہم پاکستان اور پاکستانی عوام کو ان کی منزل دلا کر رہےں گے ۔ اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو ہو ۔


ای پیپر