کیسی بلندی کیسی پستی
27 May 2019 2019-05-27

1977ءمیں میرے پیدا ہونے میں چھ سال باقی تھے۔سڈنی ٹیسٹ میں بارہ وکٹیں لیکر عمران خان نے پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف جتوا دیا تھا اور جنرل ضیاالحق نےااسلام آباد میں اقتدار پر قبضہ کر کے نوے دن میں جمہوریت بحال کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے مارشل لاءنافذ کر دیا تھا۔اسی سال پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے 12613 کلومیٹر کے فاصلے پر امریکی ریاست فلوریڈا میں ناسا کے کیپ کناورل میں واقع مرکز سے وائیجر ون اور وائیجر ٹو نامی سپیس پروبز نظام شمسی کا مطالعہ کرنے کے لئے خلا میں پندرہ دن کے وقفے سے روانہ کی گئیں۔ان دونوں سپیس پروبز میں ممکنہ غیر ارضی ذہین مخلوق تک زمین کے حالات پہنچانے کے لئے دو گولڈن پلیٹڈ ریکارڈز شامل کئے گئے۔ہر ریکارڈ میں زمینی زندگی کی ایک سو سولہ تصاویر،انسٹھ زبانوں میں تہنیتی کلمات،اکیس مختلف آوازیں،ستائیس میوزیکل ٹریکس،کارل سیگن کی اہلیہAnn Druyan کی دماغی لہریں اور امریکی صدر جمی کارٹر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کرٹ ویلڈہم کے کنندہ پیغامات کے علاوہ انسانی ڈی این اے کی ساخت کی معلومات بھی شامل تھیں۔امریکی صدر جمی کارٹر کے ان الفاظ نے مجھ پہ گہرا نقش چھوڑا۔"ہم یہ پیغام کائنات کی بے کراں وسعتوں میں بھیج رہے ہیں۔ان وسعتوں میں ملکی وے گیلیکسی کے دو سو ارب ستارے بھی شامل ہیں جن کے کچھ سیاروں پر خلا میں سفر کے قابل ذہین مخلوق پائی جا سکتی ہے۔اگر ان میں سے ایک بھی ذہین تہذیب اس ریکارڈ کو پا کر سمجھ سکی تو ان کے لئے یہ ہماری چھوٹی سی زمین کی جانب سے تحفہ ہے۔اس میں ہماری آوازیں،سائنس،تصاویر،موسیقی،خیالات اور محسوسات شامل ہیں۔ہم اپنے وقت میں زندہ رہنے کی کوشش کر رہے ہیں تا کہ آپ کے وقت تک پہنچ سکیں۔ہمیں امید ہے کہ ایک دن ہم اپنے مسائل پہ قابو پا کے کہکشاو±ں کی تہذیبوں کا مشترکہ حصہ بن سکیں گے۔یہ ریکارڈ اس وسیع و عریض کائنات میں ہماری امید،عزم اور نیک خواہشات کا مظہر ہے۔" اس ریکارڈ میں اردو آواز سلمیٰ الزل کی ہے جو کہہ رہی ہیں "اسلام وعلیکم ہم زمین پر رہنے والوں کی طرف سے آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔" آئی فون ایکس استعمال کرنے والے بعض لوگ نظریاتی طور پر تسلیم کرتے ہیں کہ نئی گاڑی کے پیچھے پرانا جوتا لٹکانے سے وہ نظر بد سے محفوظ رہیں گے۔سات مرچیں جلاکر بھوتوں کے نتھنوں میں خارش کی جا سکتی ہے تا کہ وہ نئی نویلی دلہن کو نظر نہ لگائیں اور بھاگ جائیں۔غور کیجئے کہ ان مرچوں سے نئی گاڑی کی حفاظت نہیں ہو سکتی اور پرانا جوتا کوئی دلہن اپنے غرارے سے لٹکانے پر آمادہ نہیں ہوتی۔چیلوں کو گوشت کھلا کر اور کبوتروں کو دانہ ڈال کر نا گہانی حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔پاکستان میں شاید چیلوں کو دانہ ڈالا جاتا ہے اور کبوتروں کو گوشت کھلایا جاتا ہے جس کے باعث لودھراں میں موٹر سائیکل رکشے پر سوار پانچ بچے ٹرین کے پہیوں اور پٹری کے لوہے کے درمیان قیمے کے قیمے میں تبدیل ہوگئے اور چیلیں اور کبوتر منہ دیکھتے رہ گئے۔غربت سے تنگ آ کر گجرات کے ایجنٹ کو پیسے دیکر روزگار کی تلاش میں یورپ جانے کی کوشش کرنے والے پاکستانی کنٹینر میں محبوس پانی نہ ہونے پر ایک دوسرے کا پسینہ چاٹنے پر مجبور ہو گئے مگر کنٹینر کی چھت سے پانی ٹپکنا تھا نہ ٹپکا اور پھر وہ مرگئے اور اسکی واحد وجہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری کی شرح ہے جسے پوری شدومد سے فیصل واوڈا کی نوکریوں کی بارش کا انتظار ہے۔پیٹرول کی قیمت میں پھر سے اضافہ ہونے جا رہا ہے جس سے تمام شعبہ ہائے زندگی پہ منفی اثرات مرتب ہونگے اور پچھلی حکومتوں کے معاشی اور سیاسی جادوگر چوغہ بدل کر نئے بادشاہ کے دربار میں کورنش بجا لا رہے ہیں اور عوام پھٹی پھٹی آنکھوں سے یہ تمام تماشہ دیکھ رہے ہیں جو کبھی رمضان بازار کی لائن میں لگ کر ایک پاو± لیموں یا ایک کلو ٹماٹر اور ایک کلو پیاز خرید کر لفظ تبدیلی کے حروف تہجی پہ غور کرتے نظر آتے ہیں۔دہشت گردی کا عفریت اس وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے دور میں دوبارہ زور پکڑ رہا ہے جن کا پچھلا دور بھی دور ابتلا تھا۔حکومت کی معاشی اور اقتصادی ٹیم اس وقت مکمل ناکامی سے دوچار ہے اور سیکرٹری خزانہ یونس دھاگہ کو ہٹا کر حفیظ شیخ نے وزارت خزانہ سے اسحق ڈاریت کو قصہ¿ پارینہ بنا دیا ہے۔مریم نواز اور بلاول کی افطاری نے یار لوگوں میں دلچسپی ضرور پیدا کی مگر دیکھنا یہ ہے کہ پرانی جماعتوں کی نئی قیادت کیا اپنے بزرگوں کو بھنور سے نکالنے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں۔ویڈیو کی تردید فروغ نسیم نے کر دی ہے لہٰذا اب نیب ایک نئے جذبے سے سرپھرے سیاستدانوں کا احتساب کرے گا مگر اب اس احتساب کے احتساب کا مطالبہ کہیں کہیں زبان خلق کا روپ دھارنا شروع ہو گیا ہے جو کبھی بھی نقارہ± خدا بن سکتا ہے۔پاکستان انگلینڈ سے ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد افغانستان سے وارم اپ میچ بھی ہار چکا ہے اور پاکستان کا کپتان اور انگلینڈ میں پاکستانی کپتان زیادہ پریشان نظر نہیں آتے جس کی عوام کو زیادہ پریشانی ہے۔یہ وہ حالات ہیں جو دنیا سے قرض مانگ کر اداروں کا پیٹ پالنے والی پاکستانی ریاست کو درپیش ہیں جبکہ ناسا کے بھیجے ہوئے Voyager 1اورVoyager 2 کائنات کی بے کراں وسعتوں میں گولڈن پلیٹ ریکارڈ لے کر رواں دواں ہیں جس میں سلمی الزل اردو میں کہہ رہی ہیں "السلام و علیکم ہم زمین پر رہنے والوں کی طرف سے آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں "۔


ای پیپر